ناخن بولتے ہیں: ان کے 7 رنگ انسانوں کو کیا اشارہ دیتے ہیں؟

جمعہ 23 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ناخنوں کا رنگ انسانی صحت کے بارے میں اہم اشارے دے سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’ناخن بچائیے کل کام آئے گا‘، یہ بکنے کیوں لگے، ریٹ کیا ہے؟

ماہرین صحت کے مطابق لوگوں کو اپنے ہاتھوں اور پیروں کے ناخنوں میں آنے والی کسی بھی غیر معمولی تبدیلی کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے کیونکہ بعض اوقات یہ تبدیلیاں خطرناک بیماریوں کی علامت ہو سکتی ہیں۔

انن کا کہنا ہے کہ ناخنوں کے رنگ، ساخت یا شکل میں تبدیلی بعض اوقات بے ضرر ہوتی ہے تاہم کئی صورتوں میں یہ جسم کے اندر موجود کسی بیماری کی نشاندہی بھی کرتی ہے۔

امریکن اکیڈمی آف ڈرماٹولوجی ایسوسی ایشن کے مطابق اگر آپ نے حال ہی میں اپنے ناخنوں کے رنگ، بناوٹ یا شکل میں تبدیلی محسوس کی ہے تو یہ کسی بیماری کی علامت ہو سکتی ہے لہٰذا ایسی صورت میں مستند ماہر امراض جلد سے فوری رجوع کرنا ضروری ہے۔

مزید پڑھیے: عمر کے مختلف مراحل میں غذائی اجزا کی اہمیت: کس عمر میں کون سی خوراک مفید ہے

ایسوسی ایشن کے مطابق جسم کے اندر موجود بعض امراض ناخنوں کے رنگ میں تبدیلی کا سبب بنتے ہیں جو مخصوص بیماریوں کی وارننگ ہو سکتی ہے۔

ماہرین نے ناخنوں میں نظر آنے والے درج ذیل رنگوں کو خاص طور پر خطرے کی علامت قرار دیا ہے۔

سفید ناخن

ماہرین کے مطابق سفید ناخن جگر کی بیماری یا ذیابیطس کی علامت ہو سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: وہ کیا ہے جسے کھاکر آس پاس ننھے انسان رینگتے دکھائی دیتے ہیں؟

جگر کی بیماری کی صورت میں یہ علامت خاص طور پر سروسس (جگر کی آخری اسٹیج کی بیماری) میں زیادہ دیکھی جاتی ہے۔

نیم گلابی نیم سفید ناخن

اگر ناخنوں کا اوپری حصہ سفید اور نچلا حصہ گلابی یا سرخی مائل ہو تو یہ گردوں کی بیماری کی نشاندہی کر سکتا ہے۔

پیلے ناخن

پیلے رنگ کے ناخن پھیپھڑوں کی بیماری کی علامت ہو سکتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق یہ تبدیلی دوران خون یا لمفی نظام کے مسائل سے بھی جڑی ہو سکتی ہے۔

تاہم بعض اوقات فنگل انفیکشن یا سگریٹ نوشی کے باعث بھی ناخن پیلے پڑ جاتے ہیں۔

ناخن کے نیچے گہری سرخی یا سیاہ دھاری

ناخن کے نیچے نئی یا بدلتی ہوئی گہری دھاری جلد کے کینسر، خاص طور پر میلانوما، کی علامت ہو سکتی ہے جو جلد کے کینسر کی خطرناک ترین قسم ہے۔

یہ بھی پڑھیے: دماغی سکون اور توانائی بڑھانے والے مشروبات، حقیقت یا محض تشہیر؟

برطانیہ کے نیشنل ہیلتھ سروس نے بھی خبردار کیا ہے کہ اگر ناخن کے نیچے کوئی سیاہ نشان چوٹ کے بغیر ظاہر ہو تو فوری ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

نیلے ناخن

نیلے رنگ کے ناخن خون میں آکسیجن کی کمی کی نشاندہی کرتے ہیں جو دل یا پھیپھڑوں کے مسائل کی علامت ہو سکتی ہے۔

بہت زیادہ پھیکے ناخن

انتہائی پھیکے یا بے رنگ ناخن خون کی کمی (آئرن کی کمی یا انیمیا) کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔

نیلے رنگ کے آدھے چاند

ناخنوں کی جڑ پر موجود آدھے چاند کا نیلا پڑ جانا زہرخورانی کی علامت ہو سکتا ہے۔

ماہرین نے زور دیا ہے کہ اگر ناخنوں میں ایسی کوئی بھی غیر معمولی تبدیلی مستقل طور پر موجود رہے تو خود علاج کے بجائے فوری طور پر مستند ڈاکٹر یا ماہر امراضِ جلد سے مشورہ کیا جائے۔

مزید پڑھیں: وٹامن بی 12 جسم کے لیے کتنا اہم، کن غذاؤں سے حاصل کیا جاسکتا ہے؟

نوٹ: وی نیوز نے غیر ملکی میڈیا میں شائع ہونے والی یہ رپورٹ آپ کی معلومات کے لیے شائع کی ہے تاہم لازمی نہیں کہ ناخنوں کی رنگت ہمیشہ کسی بیماری کا پیش خیمہ ہی ہو لہٰذا محض گھبرانے کی بجائے معالج سے رائے لے لینا بہتر رہے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp