قائدِ حزبِ اختلاف محمود خان اچکزئی نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی صحت کے معاملے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور اڈیالہ جیل میں ان کا مکمل اور شفاف طبی معائنہ کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ہمارا مطالبہ عمران خان کی رہائی ہے علاج نہیں، علیمہ خان
خط میں محمود خان اچکزئی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ عمران خان کی صحت ایک بنیادی انسانی حقوق کا معاملہ ہے اور ریاست کی ذمہ داری ہے کہ زیرِ حراست فرد کو مناسب، آزاد اور قابلِ اعتماد طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے اس بات پر تشویش ظاہر کی کہ عمران خان کا طبی معائنہ اہلِ خانہ اور ذاتی معالجین کی عدم موجودگی میں کیا جا رہا ہے، جو شفافیت کے تقاضوں کے خلاف ہے۔

قائدِ حزبِ اختلاف نے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان کا مکمل طبی معائنہ ان کے ذاتی ڈاکٹروں سے کرایا جائے تاکہ صحت سے متعلق تمام خدشات کا بروقت اور غیر جانبدارانہ ازالہ ہو سکے۔ خط میں یہ تجویز بھی دی گئی ہے کہ طبی معائنہ شوکت خانم میموریل اسپتال اور شفا انٹرنیشنل اسپتال کے ماہر ڈاکٹروں سے کرایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں:پمز سے علاج عمران خان کی اپنی خواہش تھی، انجیکشن بھی اپنی مرضی سے لگوایا، وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ
محمود خان اچکزئی نے خط میں جن ڈاکٹروں کے نام تجویز کیے ہیں، ان میں ڈاکٹر محمد عاصم یوسف، ڈاکٹر پروفیسر مظہر اسحاق اور ڈاکٹر پروفیسر عامر اعوان شامل ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے اپیل کی ہے کہ وہ ذاتی طور پر فوری مداخلت کریں تاکہ عمران خان کی صحت کے حوالے سے پائے جانے والے خدشات کو دور کیا جا سکے۔














