گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والی ایتھلیٹ حرم ریحان نے ایک منفرد کارنامہ انجام دیتے ہوئے گھٹنے کی اسٹرائیک کا 6 سالہ بھارتی ریکارڈ توڑ کر اپنا نام گننز ورلڈ ریکارڈ میں درج کرا لیا۔
گورنمنٹ کالج برائے خواتین سیٹلائٹ ٹاؤن کی طالبہ حرم ریحان نے ایک منٹ میں ایک ٹانگ کے ساتھ 143 مرتبہ گھٹنے سے اسٹرائیک کر کے یہ عالمی ریکارڈ قائم کیا۔
یہ بھی پڑھیں: گنیز ورلڈ ریکارڈز نے سلطان گولڈن کے 2 نئے عالمی ریکارڈ تسلیم کر لیے
اس کامیابی کے ساتھ انہوں نے 6 سال بعد بھارتی مرد کھلاڑی کا ریکارڈ توڑ کر پاکستان کا پرچم بلند کیا اور ملک کا نام روشن کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے حرم ریحان کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کی بیٹیاں اگر عزم کریں تو دنیا کو حیران کر سکتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حرم ریحان جیسی باصلاحیت بیٹیاں دیگر لڑکیوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں، پنجاب کی بیٹی اگر ہمت کرے تو دنیا کو حیران کر سکتی ہے۔
’پنجاب کی بیٹی اب تنہا نہیں، وہ ہر بیٹی کے ساتھ کھڑی ہیں اور رہیں گی۔‘
مزید پڑھیں: 15 سالہ سلینہ کے ٹو سے قبل نانگا پربت کیوں سر کرنا چاہتی ہیں؟
وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ ماں جیسی ریاست نوجوانوں کے ساتھ ہو تو وہ کسی بھی چوٹی کو سر کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نوجوانوں کے خواب پورے کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ دنیا بھر میں پاکستان کا پرچم بلند کریں۔














