بھارتی شہر ممبئی کے علاقے ملنڈ ریلوے اسٹیشن پر گھریلو تنازع کے بعد ایک شخص نے اپنی بیوی کو آنے والی مقامی ٹرین کے سامنے دھکا دے کر قتل کردیا، جس کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں: شوہر نے بھارتی فلم’ دریشم‘ کی طرز پر بیوی کو قتل کرکے قبرستان میں دفن کردیا
پولیس کے مطابق 42 سالہ ملزم واقعے کے فوراً بعد موقع سے فرار ہوگیا اور گرفتاری سے بچنے کے لیے مختلف ریلوے روٹس استعمال کرتے ہوئے شہر سے باہر نکلنے کی کوشش کی۔ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ وہ پہلے تھانے گیا، پھر فاسٹ لوکل ٹرین کے ذریعے سی ایس ایم ٹی پہنچا، بعد ازاں دادَر اور ویرار کا سفر کیا اور وہاں سے گجرات جانے والی ٹرین میں سوار ہوگیا۔
ریلوے پولیس کی اسپیشل ٹاسک فورس نے تکنیکی شواہد اور سفری راستوں کی نگرانی کے ذریعے ملزم کو سورت شہر سے گرفتار کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں: ’کِس ایموجی‘ بھیجنے پر شوہر نے بیوی اور اس کے دوست کو قتل کردیا
پولیس حکام کے مطابق ملزم راج کمار گپتا، جو پیشے کے لحاظ سے الیکٹریشن ہے، نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا کہ اس کے اپنی 36 سالہ بیوی پشپا گپتا کے ساتھ گھریلو معاملات پر اکثر جھگڑے ہوتے تھے۔ 14 مارچ کی صبح ایک اور جھگڑے کے بعد اس نے ملنڈ ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر 1 پر کھڑی بیوی کو آنے والی لوکل ٹرین کے سامنے دھکا دے دیا۔
عینی شاہدین کے مطابق مسافروں نے فوری طور پر اسٹیشن ماسٹر کو اطلاع دی جس پر ریلوے کے عملے نے خاتون کو قریبی سرکاری اسپتال منتقل کیا، تاہم ڈاکٹرز نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
یہ بھی پڑھیں: بیوی نے بیٹے اور بہو کی مدد سے شوہر کو قتل کردیا
متوفیہ کے بھائی، جو بھارتی فوج میں خدمات انجام دے رہے ہیں، نے بتایا کہ میاں بیوی کے درمیان اکثر جھگڑے ہوتے رہتے تھے اور وہ اپنی بہن اور اس کے 15 سالہ بیٹے کو آبائی گاؤں واپس لے جانے کے لیے ممبئی آئے تھے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی مکمل ویڈیو اسٹیشن پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں میں محفوظ ہو گئی ہے۔ کرلا گورنمنٹ ریلوے پولیس نے بھارتیہ نیایا سنہتا کی دفعہ 103 کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔














