نیب کی 3 سال میں تاریخ کی سب سے بڑی ریکوری، 115 کھرب روپے سے زائد کی واپسی

بدھ 18 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نیب نے گزشتہ 3 برس میں اپنی تاریخ کی سب سے بڑی ریکوری کا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ ادارے کی دستاویزات کے مطابق صرف 3 برس میں 115 کھرب روپے سے زائد کی ریکوری کی گئی، اور ہر ایک روپے پر 629 روپے قومی خزانے میں واپس آئے۔

مزید پڑھیں: شریف فیملی کے تمام نیب مقدمات ختم، عمران خان کے خلاف جاری؟

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف میں پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق نیب نے 48 لاکھ 50 ہزار ایکڑ سرکاری زمین واپس کرا کر 110 کھرب روپے کی قومی بچت کی، جبکہ ہاؤسنگ سوسائٹیز میں لٹنے والے 1 لاکھ 29 ہزار متاثرین کے 213 ارب روپے بھی واپس دلائے گئے۔ منی لانڈرنگ کے خلاف کارروائی میں 85 ارب 40 کروڑ روپے کے اثاثے منجمد کیے گئے۔

رپورٹ میں نیب نے اصلاحات کی تجاویز بھی پیش کیں، جن میں کہا گیا ہے کہ 50 کروڑ روپے سے کم کرپشن کے کیسز پر کارروائی نہ لینا احتساب کے عمل میں رکاوٹ ہے۔

قومی خزانے کو نقصان پہنچانے پر ہی سزا دی جائے اور ملزم کے ذاتی فائدے کو شرط نہ بنایا جائے۔ 100 سے کم متاثرین والے دھوکا دہی کے کیسز اب نیب کے دائرہ اختیار سے باہر ہوں گے، اور 100 متاثرین کے انفرادی بیانات ریکارڈ کرنے کی شرط کیسز میں تاخیر کی بڑی وجہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق احتساب عدالتوں میں ایک ریفرنس کے فیصلے میں اوسطاً 6 سال لگ رہے ہیں، اور ملک بھر میں 23 میں سے صرف 16 عدالتیں فعال ہیں جبکہ 7 بند ہیں۔ نیب نے کفایت شعاری مہم کے تحت 238 آسامیوں کو ختم کرکے 66 کروڑ روپے بجٹ واپس کیا۔

مزید پڑھیں: چوہدری شوگر مل کیس: نیب نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج کردیا

سال 2025 میں نیب کے 58 فیصد کیسز میں ملزمان کو سزا دی گئی جبکہ 42 فیصد رہا ہوئے۔ ادارے نے بتایا کہ اب کرپشن کی تحقیقات میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹولز بھی استعمال کیے جائیں گے، اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بنائے گئے خصوصی سیل کو مزید فعال کیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp