کیا بانی پی ٹی آئی عمران خان کی آنکھ ٹھیک ہوگئی؟

بدھ 25 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی متاثرہ بینائی بحال کرنے اور آنکھ کو درپیش بیماری کے علاج کے لیے پمز اسپتال میں تیسرا انجکشن لگا دیا گیا ہے اور ڈاکٹرز کے مطابق ان کی بینائی بہتر ہوئی ہے، خود عمران خان کی بہن علیمہ خان بھی کہہ چکی ہیں کہ عمران خان نے بچوں سے گفتگو کے دوران آنکھ کی بینائی بہتر ہونے کی تصدیق کی ہے۔

مزید پڑھیں: عمران خان کی دائیں آنکھ کی بینائی میں واضح بہتری، میڈیکل بورڈ کی رپورٹ جاری

عمران خان کی بہن علیمہ خان نے اس حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے بھائی کے علاج کے بارے میں براہِ راست آگاہ نہیں کیا جا رہا۔ میڈیا رپورٹس کے ذریعے معلوم ہوا کہ عمران خان کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن حکومت کی جانب سے خاندان کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ یہ واضح نہیں کہ کون سے ڈاکٹر علاج کر رہے ہیں اور کیا طریقہ کار اختیار کیا جا رہا ہے؟

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجا نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ پارٹی یا خاندان کو علاج سے متعلق باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق راولپنڈی کے ایک معروف اسپتال میں ریٹینا کے شعبے کے سربراہ ڈاکٹر ندیم قریشی کی نگرانی میں بانی کا معائنہ بھی کیا جا رہا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ 3 انجکشن لگنے کے بعد عمران خان کی آنکھ کی حالت میں ’نمایاں بہتری‘ آئی ہے، ڈاکٹرز کو علاج سے جو توقعات تھی وہ حاصل ہو چکی ہیں۔ تاہم ماہرین کے مطابق عمر کے اس حصے میں متاثرہ بینائی کا مکمل بحال ہونا مشکل ہوتا ہے، البتہ جتنی بہتری ممکن ہو، وہ حاصل کی جا سکتی ہے۔

عمران خان Retinal Vein Occlusion نامی بیماری کا علاج کروا رہے ہیں۔ یہ ایک پیچیدہ آنکھوں کی بیماری ہے جس میں آنکھ کے پردے کی خون لے جانے والی رگیں بند ہو جاتی ہیں، جس سے بینائی متاثر ہونے یا ضائع ہونے کا خطرہ پیدا ہو جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اس بیماری کے علاج کے لیے اینٹی وی ای جی ایف انجکشن استعمال کیے جاتے ہیں، جو آنکھ کے اندر سوجن کم کرنے اور غیر معمولی خون کی نالیوں کی افزائش کو روکنے میں مدد دیتے ہیں۔

واضح رہے کہ عمران خان کو امسال جنوری اور فروی میں اسلام آباد کے پمز اسپتال میں اسی نوعیت کے انجکشن کی خوراک دی گئی تھی، اور اب یہ علاج تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ریٹینا آنکھ کے پچھلے حصے میں موجود ایک نہایت حساس تہہ ہوتی ہے، جو کیمرے کی فلم کی طرح روشنی کو محسوس کر کے دماغ تک منتقل کرتی ہے۔ جب اس حصے میں خون کی روانی متاثر ہوتی ہے تو سوجن، زخم اور آکسیجن کی کمی پیدا ہو سکتی ہے، جس سے بینائی متاثر ہوتی ہے۔

مزید پڑھیں: آپ نے عمران خان کو آنکھ کی بیماری سے متعلق جھوٹ کیوں بولا؟ شیر افضل مروت محمود اچکزئی و دیگر پر برس پڑے

بین الاقوامی طبی اداروں کے مطابق یہ بیماری عموماً زیادہ عمر کے افراد میں پائی جاتی ہے اور اس کی بڑی وجوہات میں ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس، کولیسٹرول، گلوکوما اور سگریٹ نوشی شامل ہیں، اس بیماری کی بروقت تشخیص اور علاج انتہائی ضروری ہے تاکہ بینائی کو زیادہ نقصان سے بچایا جا سکے۔

عمران خان کی مکمل صحتیابی کے بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا، تاہم ذرائع نے دعوی کیا یے کہ علاج کے بعد ان کی بینائی میں جزوی بہتری ضرور دیکھنے میں آئی ہے، اور مزید بہتری کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp