چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے بیلٹ اینڈ روڈ ایمبیسیڈر اسکالرشپ ایوارڈ تقریب میں شرکت کی اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو اعزازات سے نوازا۔
اپنے خطاب میں سفیر خلیل ہاشمی نے اوورسیز چائنیز چیریٹی فاؤنڈیشن آف چائنا کی جانب سے بیلٹ اینڈ روڈ ایمبیسیڈر اسکالرشپ پروگرام کے قیام کو سراہا اور کہاکہ یہ پروگرام بی آر آئی ممالک کے طلبہ کو چین میں اعلیٰ تعلیم، عالمی تجربہ اور اہم مہارتیں حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اسکالرشپ عوامی روابط کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔
پاکستانی طلبہ کی کامیابیاں
سفیر پاکستان نے ایوارڈ حاصل کرنے والے طلبہ، خصوصاً پاکستانی اور ملائیشین طلبہ کو مبارکباد دی اور ان کی کامیابیوں کو خطے کے نوجوانوں کی صلاحیتوں اور روشن مستقبل کی عکاسی قرار دیا۔
انہوں نے خصوصی طور پر پانچ پاکستانی طلبہ خالد عطیہ، اسد محمد، قیصر عرفان، جمیل محمد فواد اور رسالت آمنہ کو اس باوقار اسکالرشپ کے حصول پر سراہا۔
نوجوان اور قومی ترقی
خلیل ہاشمی نے کہاکہ پاکستان کی بڑی اور متحرک نوجوان آبادی ملک میں جدت اور ترقی کا اہم ذریعہ ہے اور پاکستانی نوجوان ٹیکنالوجی اور کاروباری شعبوں میں عالمی سطح پر اپنی پہچان بنا رہے ہیں۔
پاک چین تعاون اور مستقبل کے مواقع
سفیر نے چین کے آئندہ پانچ سالہ ترقیاتی منصوبے کے تحت ٹیکنالوجی، گرین انرجی اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں پاکستان اور دیگر ممالک کے لیے تعاون کے نئے مواقع پیدا ہونے پر زور دیا، جہاں طلبہ اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے پاک چین تعلقات کو آئرن برادرز اور ہر موسم کے اسٹریٹجک شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہاکہ تعلیمی تعاون اس مضبوط رشتے کی بنیاد ہے۔
پروگرام کی وسعت اور دوستی
خلیل ہاشمی نے امید ظاہر کی کہ بیلٹ اینڈ روڈ اسکالرشپ پروگرام مزید وسعت اختیار کرے گا اور زیادہ طلبہ کو مستفید ہونے کے مواقع فراہم کرے گا، جس سے پاک چین دوستی مزید مضبوط ہوگی۔














