وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ عہدہ، دولت، عزت، اختیار اور اثر و رسوخ ہر کسی کو مل سکتا ہے، لیکن عوام کی خدمت کا موقع ہر شخص کو نصیب نہیں ہوتا۔ اللہ تعالیٰ نے جسے کسی ذمہ داری پر فائز کیا ہے، اسے اس ذمہ داری کو امانت سمجھ کر دیانت داری اور بہترین انداز میں ادا کرنا چاہیے۔
جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آج ان کے لیے انتہائی اہم اور جذباتی دن ہے، کیونکہ یہ اسپتال ان کا خواب تھا اور وہ طویل عرصے سے اس کی تکمیل اور یہاں علاج کے آغاز کی منتظر تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اسپتال فعال ہوچکا ہے اور گزشتہ روز یہاں پہلی سرجری بھی کی گئی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ مریض کی عیادت اور علاج بڑی نیکی ہے، اگر کسی بیمار کی عیادت کا اتنا بڑا اجر ہے تو ان لوگوں کا مقام کتنا بلند ہوگا جو بیماروں کے علاج اور عوام کو طبی سہولیات فراہم کرنے کا ذریعہ بنتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے استحکام پاکستان پارٹی کے ارکان کی ملاقات، سیاسی امور پر مل کر چلنے پر اتفاق
انہوں نے ڈاکٹروں، نرسز، پیرامیڈکس، انتظامی افسران اور اسپتال کے دیگر عملے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داری کو محض ملازمت نہ سمجھیں بلکہ اسے اللہ تعالیٰ کی جانب سے سونپی گئی امانت سمجھ کر ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ، وزیر، چیف سیکریٹری، سیکریٹری صحت، اسپتال کے سربراہ، ڈاکٹر یا نرس، ہر شخص کو اپنے منصب کی ذمہ داری پوری دیانت داری سے نبھانی چاہیے۔
مریم نواز نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی ذمہ داریاں بہت وسیع ہیں، مختلف محکموں کے اجلاس، منصوبوں اور اسکیموں کی نگرانی سمیت روزمرہ کے سرکاری امور بھی فرائض کا حصہ ہیں، تاہم انہیں اس وقت زیادہ اطمینان محسوس ہوتا ہے جب ان کے وقت کا استعمال عوام کی خدمت اور بھلائی کے لیے ہو۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ترقی یافتہ مغربی ممالک سے موازنہ کرنا آسان ہے، تاہم پاکستان ابھی 79 سالہ ملک ہے اور اس کے باوجود اس میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں 10 کروڑ سے زائد مریضوں کا علاج ہوا، جو معمولی بات نہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں شہریوں کو مفت ادویات، سرجری، مختلف طبی طریقہ ہائے علاج اور دیگر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، حتیٰ کہ بعض مریضوں کے گھروں تک ادویات پہنچائی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی ملک سے موازنہ کرتے وقت ہمیں اپنے حالات اور آبادی کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں:مریم نواز کا ستھرا پنجاب ورکرز کی تنخواہیں ہر ماہ 5 تاریخ تک ادا کرنے کا حکم
مریم نواز نے سرکاری نظام میں بدعنوانی اور غفلت پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بعض مقامات پر ادویات، انجیکشن اور انسولین کی چوری، مریضوں سے غیرقانونی رقم وصول کرنے اور سرکاری مشینری کو جان بوجھ کر خراب کرنے جیسے مسائل موجود ہیں تاکہ مریضوں کو نجی مراکز بھیجا جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے رویے عوام کے ساتھ ناانصافی اور قومی وسائل سے خیانت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر قوم یہ فیصلہ کرلے کہ ہر شخص اپنا کام ذمہ داری، فرض اور امانت سمجھ کر کرے گا تو پاکستان کو دنیا کی کوئی طاقت ترقی سے نہیں روک سکتی۔ ان کے بقول پاکستان میں صلاحیت اور ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، پاکستانی ڈاکٹر بیرون ملک جاکر بھی اپنی قابلیت کا لوہا منوا رہے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستانی ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر طبی ماہرین ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور انہیں چاہیے کہ اپنی صلاحیتیں عوام کی خدمت کے لیے بھی بروئے کار لائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بہتر نظام صرف حکومت نہیں بنا سکتی، اس کے لیے ہر فرد کو اپنی ذمہ داری ایمانداری سے ادا کرنا ہوگی۔













