صومالیہ: ترک ہتھیار لے جانے والا کارگو جہاز قزاقوں نے ہائی جیک کرلیا، 6 بھارتی بھی سوار

جمعہ 21 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صومالیہ کے ساحل کے قریب قزاقوں نے ترک ہتھیار لے جانے والے کیمرون کے پرچم بردار کارگو جہاز کو ہائی جیک کرلیا، جس میں 10 رکنی عملے کے 6 بھارتی شہری بھی شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بحری جہاز ’لوتوف‘ (LUTUF) کو رواں ہفتے پیر کے روز صومالیہ کے خود مختار علاقے پنٹ لینڈ کے ضلع ایئل میں مرایا کے قریب ساحل سے قریباً ساڑھے 3 ناٹیکل میل دور قبضے میں لیا گیا۔

مزید پڑھیں:آئل ٹینکر پر قزاقوں کا قبضہ، یرغمال عملے میں 11 پاکستانی بھی شامل

صومالی حکام کے مطابق 8 مسلح قزاقوں نے جہاز کا رخ پنٹ لینڈ کے ڈانگورایو ضلع کے قریب گرمال کے ساحل کی جانب موڑ دیا۔ قزاقوں کا تعلق ایک ایسے گروہ سے بتایا جاتا ہے جو اس سے قبل 26 اپریل کو ایک اور تجارتی جہاز ’سوارڈ‘ کو ہائی جیک کرنے میں ملوث تھا۔

جہاز پولر موومنٹ شپنگ کی ملکیت ہے اور اس پر موغادیشو میں ترک فوجی تربیتی مرکز کے لیے ہتھیار، مواصلاتی آلات اور سیٹلائٹ کا سامان لدا ہوا تھا۔

10 رکنی عملے میں 6 بھارتی ملاحوں کے علاوہ ایک ترک شہری، ایک جارجیائی شہری اور سیکیورٹی کے لیے تعینات دو سربیائی محافظ شامل تھے۔

رپورٹ کے مطابق بعد ازاں ترک ملکیت کے دو بحری جہاز ہائی جیک کیے گئے جہاز کے قریب پہنچے جبکہ ترک ہیلی کاپٹروں اور ڈرونز نے علاقے کی نگرانی کی۔

مزید پڑھیں:کیا ترکیہ کا یہ غار وہی جگہ ہے جہاں ہومر نے اوڈیسی تخلیق کی تھی؟

منگل کو 2 افراد پر مشتمل ایک چھوٹی کشتی جہاز کے قریب پہنچی اور قزاقوں کو ’قات‘ نامی نشہ آور پودا فراہم کیا۔ کشتی کے واپس ساحل پر پہنچنے کے بعد ایک فضائی حملہ کیا گیا، جس میں 4 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔ تاہم حملہ کس نے کیا اور ہلاک ہونے والے افراد قزاق تھے یا نہیں، اس کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔

جہاز، اس کے عملے اور سامان کی موجودہ صورتحال تاحال واضح نہیں۔ بھارتی اور ترک حکام نے بھی واقعے پر فوری طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp