وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم سے ٹیلیفونک رابطے میں عیدالفطر کی مبارکباد کا تبادلہ کیا اور مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں بتایا ہے کہ انہیں آج صبح ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کی جانب سے ٹیلیفون کال موصول ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے عیدالفطر کی پرتپاک مبارکباد کا تبادلہ کیا اور امت مسلمہ کے اتحاد اور ترقی کے لیے دعا کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کی بھرپور حمایت پر ملائیشین وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
Received a telephone call from my brother H.E. Dato Seri Anwar Ibrahim, Prime Minister of Malaysia, this morning. We exchanged warm Eid-ul-Fitr greetings and prayed for unity and progress of the Ummah.
I expressed my deep appreciation to him for his strong support for Pakistan’s…
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) March 26, 2026
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ نہ صرف باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنائیں گے بلکہ دیگر برادر ممالک کے ساتھ مل کر خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے بھی مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں امن، مکالمے اور استحکام کے قیام کے لیے اپنی کوششوں میں پرعزم ہے اور اس سلسلے میں دوست ممالک کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھا جائے گا۔
مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے تناظر میں پاکستان مسلسل سفارتی سطح پر امن اور مذاکرات کے فروغ کے لیے کوششیں کر رہا ہے، جبکہ ملائیشیا سمیت دیگر مسلم ممالک بھی اس حوالے سے تعاون بڑھانے پر زور دے رہے ہیں۔











