اسلام آباد: عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کے باوجود حکومت نے ہائی اسپیڈ ڈیزل اور موٹر اسپرٹ کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ روکنے کے لیے ترقیاتی بجٹ پر کٹ لگا دیا گیا
وزارت خزانہ کے مطابق حکومت نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو قیمتوں کے فرق کی مد میں ادائیگی کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عوام پر اضافی مالی بوجھ نہ ڈالا جائے۔ اعلامیے میں بتایا گیا کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 203.88 روپے فی لیٹر جبکہ موٹر اسپرٹ پر 95.59 روپے فی لیٹر قیمت کے فرق کی ادائیگی کی جائے گی۔

حکومت کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق 28 مارچ 2026 سے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 335.86 روپے فی لیٹر اور موٹر اسپرٹ کی قیمت 321.17 روپے فی لیٹر برقرار رہے گی۔ نئی قیمتوں میں کسی قسم کا اضافہ یا کمی نہیں کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: کفایت شعاری اپنائیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں، وزیراعظم کی قوم سے اپیل
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ قیمتوں کے فرق کا مالی بوجھ حکومت خود برداشت کرے گی۔













