وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور وہاں جاری انفراسٹرکچر کی بہتری کے پراجیکٹس کا معائنہ کرتے ہوئے پیش رفت کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران وزیر داخلہ نے جاری تعمیراتی سرگرمیوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی دی۔
کرپشن کے خلاف سخت اقدامات
اس موقع پر محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں سرکاری اداروں میں کرپشن کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دیا گیا۔
وزیر داخلہ نے کہاکہ سرکاری اداروں میں کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی جائے گی اور ایف آئی اے میں اصلاحات کا عمل اسی سال دسمبر تک مکمل کیا جائے گا۔
انسانی اسمگلنگ اور بیرون ممالک ملازمتوں کی نگرانی
اس موقع پر ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد اور ان کے سہولت کاروں کا جامع ڈیٹا مرتب کیا جا رہا ہے۔
وزیر داخلہ نے ہدایت دی کہ بیرون ممالک ملازمت کے تمام اشتہارات کی آن لائن نگرانی کی جائے اور گمراہ کن اشتہارات کے بارے میں عوامی آگاہی کو یقینی بنایا جائے۔
ایف آئی اے کو منظم جرائم کے خلاف فرنٹ لائن ایجنسی کے طور پر منظم کرنا
محسن نقوی نے کہاکہ ایف آئی اے کو ہر قسم کے منظم جرائم کے خلاف ہراول دستے کے طور پر منظم کیا جائے گا اور ادارے کو ہر سطح پر مکمل سپورٹ فراہم کی جائے گی۔
ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور نے وزیر داخلہ کو ادارے کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ ادارے میں احتساب کو یقینی بنانے کے لیے شفاف اور مؤثر نظام وضع کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں دیگر ایجنسیز کے ساتھ ورکنگ گروپ اور کوآرڈینیشن کمیٹیز بھی قائم کی جا رہی ہیں تاکہ ایف آئی اے کی کارکردگی مزید مؤثر اور مربوط ہو۔














