پاکستان اپنی بحری صلاحیت کو خطے میں ایک طاقتور مرکز میں بدلنے کی رفتار تیز کررہا ہے، جہاں پورٹ قاسم اتھارٹی ٹرانس شپمنٹ آپریشنز کو مضبوط کررہی ہے، صلاحیت میں اضافہ کر رہی ہے اور سرمایہ کار دوست مراعات فراہم کررہی ہے۔
اس سے نہ صرف کارکردگی میں اضافہ ہوا ہے بلکہ لاگت کم ہوئی ہے اور عالمی شپنگ لائنز کی توجہ بھی پاکستان کی جانب مرکوز ہو رہی ہے۔
مزید پڑھیں: آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد، کیا گوادر، پورٹ قاسم اور کراچی کی بندرگاہیں گیم چینجر ثابت ہو سکتی ہیں؟
عالمی تجارتی راستوں میں تبدیلی اور علاقائی بندرگاہوں کے درمیان بڑھتی ہوئی مسابقت کے پیش نظر پاکستان اپنے بحری انفراسٹرکچر اور پالیسی فریم ورک کو اپ گریڈ کررہا ہے تاکہ ٹرانس شپمنٹ ٹریفک کو مؤثر طریقے سے حاصل کیا جا سکے۔
قاسم انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل کی مضبوط کارکردگی، یارڈ کی بڑھائی گئی گنجائش اور پرکشش نرخوں کے باعث پورٹ قاسم اور کراچی پورٹ جنوبِ ایشیا، مشرقِ وسطیٰ اور دیگر علاقوں سے منسلک ایک کم لاگت اور اعلیٰ کارکردگی والے گیٹ وے کے طور پر ابھر رہے ہیں۔
مراعاتی پالیسیاں جن میں 50 فیصد تک رعایتیں شامل ہیں، بڑھتی ہوئی ٹرانس شپمنٹ ٹریفک اور سرمایہ کاری کے اعتماد کو فروغ دے رہی ہیں۔
مزید پڑھیں: مشرق وسطیٰ کشیدگی: پیٹرول کے بعد ایل پی جی کے 2 جہاز بھی پورٹ قاسم پر لنگر انداز
کراچی پورٹ کی متوازی کارکردگی ایک مربوط قومی کوشش کے طور پر بحری معیار میں اضافہ کو یقینی بنا رہی ہے۔

تیز رفتاری، مؤثر کارکردگی اور اسٹرٹیجک اصلاحات کے نتیجے میں پاکستان تیزی سے خطے میں ایک کلیدی ٹرانس شپمنٹ اور لاجسٹکس ہب کے طور پر ابھر رہا ہے، جو نہ صرف تجارتی روابط کو مضبوط کر رہا ہے بلکہ ملکی اور علاقائی معیشت میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
















