وزیر پیٹرولیم سے فرانسیسی سفیر کی ملاقات، توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون مضبوط کرنے پر اتفاق

منگل 31 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے فرانسیسی سفیر نکولس گیلے نے ملاقات کی ہے، جس میں توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

مزید پڑھیں: عالمی سطح پر پیٹرول مزید مہنگا ہوا بھی تو پاکستان میں قیمتیں نہیں بڑھیں گی، وزیر پیٹرولیم

ملاقات کے دوران فرانسیسی سفیر نے پاکستان میں پیٹرولیم سپلائی کی مؤثر حکمت عملی کو سراہا اور کہاکہ پاکستان نے دیگر جنوبی ایشیائی ممالک کے برعکس اس بحران کو کامیابی سے سنبھالا ہے اور ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے کوئی افراتفری نہیں پھیلی۔

وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے بتایا کہ بروقت، فعال اور مربوط فیصلوں کی بدولت حکومت اب تک اس بحران سے کامیابی سے نمٹ رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف نے بدلتی ہوئی سپلائی چین کی صورتحال کے پیش نظر بین الوزارتی سطح پر فوری فیصلوں کے لیے مؤثر نظام قائم کیا اور فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیراعظم اور ڈپٹی وزیراعظم کی سفارتی کوششوں سے متبادل ذرائع کے ذریعے پیٹرولیم سپلائی ممکن ہوئی۔

وزیر پیٹرولیم نے مزید بتایا کہ حکومت نے قیمتوں کا بوجھ اٹھایا مگر مناسب مالی معاونت کے ذریعے گردشی قرضہ پیدا نہیں ہونے دیا، جبکہ کمزور طبقات کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی پر بھی کام جاری ہے۔

فرانسیسی سفیر نکولس گیلے نے کہاکہ پاکستان اور فرانس کے تعلقات مضبوط ہیں اور توانائی کے شعبے میں تعاون میں اضافہ ہوا ہے۔

مزید پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں، وزیراعظم کی ہدایت

انہوں نے مزید کہاکہ فرانسیسی کمپنیوں کی پاکستان کے مائننگ سیکٹر میں دلچسپی بڑھ رہی ہے اور نومبر میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں بھرپور شرکت کی توقع ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp