وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے عازمینِ حج کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے ملک بھر کے 10 حاجی کیمپوں میں تمام ضروری مراحل ایک ہی دن میں مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
نئے فیصلے کے تحت عازمین کو تربیت، ویکسی نیشن اور سفری دستاویزات سمیت دیگر تمام امور کے لیے مختلف دنوں میں آنے کے بجائے ایک ہی دن میں تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اس اقدام کا مقصد وقت اور اخراجات میں کمی لانا ہے، جس سے قریباً ایک لاکھ 19 ہزار عازمین فائدہ اٹھائیں گے۔
حج آپریشن کے دوسرے مرحلے کا آغاز بدھ سے ہوگا، جس کے دوران اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، فیصل آباد، ملتان، سیالکوٹ، سکھر اور رحیم یار خان کے حاجی کیمپ فعال رہیں گے۔
ون ونڈو آپریشن کے تحت عازمین کو ایک ہی مقام پر حج تربیت، لازمی ویکسینیشن، فضائی ٹکٹ، ویزا، شناختی لاکٹ، سامان کے ٹیگز اور ادویات کی پیکنگ جیسی تمام سہولیات میسر ہوں گی، تاکہ انہیں مختلف دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔
ترجمان وزارت مذہبی امور عمر بٹ کے مطابق عازمین کے لیے ویکسینیشن اور تربیتی سیشنز کا مکمل شیڈول ’پاک حج ایپ‘ پر جاری کر دیا گیا ہے۔
وزارت نے ہدایت کی ہے کہ حاجی کیمپ آتے وقت عازمین اپنا اصل قومی شناختی کارڈ اور تصویر والی کمپیوٹرائزڈ بینک رسید لازمی ساتھ لائیں۔ مزید سہولت کے لیے کیمپوں میں کرنسی ایکسچینج کے لیے بینکوں کے خصوصی کاؤنٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔














