اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں آبنائے ہرمز کھلوانے سے متعلق قرارداد منظور نہ ہو سکی، کیونکہ روس اور چین نے اسے ویٹو کر دیا۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق بحرین کی جانب سے پیش کی گئی اس قرارداد پر غور کے لیے سلامتی کونسل کا اجلاس منعقد ہوا، جہاں ووٹنگ کے دوران 11 ارکان نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔
تاہم روس اور چین کی مخالفت کے باعث یہ منظور نہ ہو سکی۔ پاکستان اور کولمبیا نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
اگر یہ قرارداد منظور ہو جاتی تو رکن ممالک کو آبنائے ہرمز کھلوانے کے لیے عملی اقدامات کرنے کی اجازت مل جاتی۔
اجلاس کے دوران اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے اپنے خطاب میں کہاکہ امریکا اور ایران کے درمیان تنازع کا حل جنگ نہیں بلکہ مذاکرات میں ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ آبنائے ہرمز کے مسئلے کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
عاصم افتخار کا مزید کہنا تھا کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام ممالک کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا، عالمی سطح پر امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا جا رہا ہے۔











