لیجنڈری گلوکارہ آشا بھوسلے کے انتقال پر پاکستانی شوبز شخصیات کا خراجِ عقیدت

اتوار 12 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

برصغیر کی نامور گلوکارہ آشا بھوسلے کے انتقال کی خبر نے دنیا بھر کے مداحوں کو غم میں مبتلا کر دیا، جبکہ پاکستان میں بھی فنکاروں اور شوبز شخصیات نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

ان کے انتقال پر پاکستان کے شوبز ستارے بھی افسردہ ہیں اور انہیں خراج عقیدت پیش کررہے ہیں، اداکار احسن خان نے ان کے انتقال کو ایک عہد کا اختتام قرار دیا۔

اداکار عدنان صدیقی نے کہا کہ ان کی آواز میں ایک ایسی تاثیر تھی جو خاموش لمحوں کو بھی گہرے احساس سے بھر دیتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ آج وہی خاموشی مزید بوجھل محسوس ہو رہی ہے اور ان کا فن ہمیشہ سنائی دیتا رہے گا۔

اداکار احمد علی بٹ نے ان کی لازوال دھنوں پر شکریہ ادا کیا، جبکہ گلوکار علی ظفر نے انہیں غیر معمولی فنکار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا کام آنے والی نسلوں کو متاثر کرتا رہے گا اور ایسی آوازیں کبھی ختم نہیں ہوتیں بلکہ وقت کا حصہ بن جاتی ہیں۔

 

گلوکار شجاع حیدر نے کہا کہ آشا بھوسلے کی آواز نے دنیا بھر میں لاکھوں لوگوں کو متاثر کیا اور ان کا نام ہمیشہ موسیقی کی تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔

اداکار یاسر حسین نے ایک مشہور گیت کی لائن شیئر کرتے ہوئے انہیں یاد کیا، جبکہ آر جے انوشے اشرف نے پاکستان اور بھارت کے درمیان موسیقی کے رشتے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ فن کو سرحدوں، اجازت ناموں یا سیاست کی ضرورت نہیں ہوتی، یہ خود لوگوں کے دلوں میں جگہ بنا لیتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مشترکہ موسیقی ہی وہ واحد چیز ہے جسے دونوں ممالک کے لوگ یکساں طور پر سراہتے ہیں اور شاید یہی چیز دنیا میں امن کے پیغام کو فروغ دے سکتی ہے۔

ادھر آشا بھوسلے کے انتقال پر اظہارِ افسوس کا سلسلہ تاحال جاری ہے اور جیسے جیسے لوگ اس خبر سے آگاہ ہو رہے ہیں، مزید تعزیتی پیغامات سامنے آ رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp