وفاقی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی نے راولپنڈی سے تاریخی مقام اٹک خورد تک اپ گریڈڈ سفاری ٹورسٹ ٹرین کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب ریلوے اسٹیشن پر منعقد ہوئی جسے خصوصی طور پر سجایا گیا تھا، اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کی رہنما طاہرہ اورنگزیب بھی ان کے ہمراہ تھیں۔
حنیف عباسی نے کہا کہ سفاری ٹرین کو مکمل طور پر جدید بنایا گیا ہے، تمام بوگیوں میں ایئر کنڈیشننگ اور آرام دہ نشستیں فراہم کی گئی ہیں تاکہ مسافروں کو بہتر سہولت میسر آ سکے۔ ان کے مطابق مسافروں اور عملے دونوں کے لیے اضافی سہولیات بھی متعارف کرائی گئی ہیں، جبکہ اسی نوعیت کی سروس سندھ میں بھی شروع کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستان نے ذمہ دار ریاست کے طور پر خطے کو ممکنہ تباہی سے بچایا، وفاقی وزیر ریلویز محمد حنیف عباسی
انہوں نے کہا کہ ’ٹرین پہلے بھی چل رہی تھی، مگر اب ہمارا انداز اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کا عزم مختلف ہے‘۔
یہ ٹرین گولڑہ، مارگلہ اور اٹک خورد کے خوبصورت راستوں سے گزرتے ہوئے مختلف اسٹیشنز پر رکے گی، جہاں مسافروں کو ریفریشمنٹ دی جائے گی اور تاریخی اہمیت سے آگاہ کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان ریلوے کے لیے بیل آؤٹ پیکج کی منظوری دی ہے جس سے بجلی اور گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ریلوے کو پرانے انجنوں اور خراب پٹریوں جیسے مسائل کا سامنا ہے، تاہم جولائی تک بہتری کی امید ہے۔
یہ بھی پڑھیے: کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس ٹرین سروس پھر معطل کرنے کا فیصلہ، وجہ کیا ہے؟
ان کے مطابق لاہور اور راولپنڈی ٹریک کی اپ گریڈیشن ستمبر میں شروع ہوگی، جبکہ روہڑی جنکشن منصوبہ سندھ حکومت کے اشتراک سے مکمل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ تھر کوئلے کے ذخائر تک ریلوے رابطہ بڑھانے اور ملازمین خصوصاً ڈرائیورز کے لیے بہتر سہولیات فراہم کرنے پر بھی کام جاری ہے، جبکہ مقامی سطح پر کوچز کی تیاری کو فروغ دیا جا رہا ہے۔












