بشریٰ بی بی نے مقدمات کی تفصیلات اور گرفتاری رکوانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا

منگل 6 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے پاکستان بھر میں درج مقدمات کی تفصیلات اور گرفتاری رکوانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ درخواست میں وفاقی حکومت، صوبائی حکومتوں، تمام آئی جیز اور ایف آئی اے سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

بشریٰ بی بی کی پاکستان بھر میں درج مقدمات کی تفصیلات اور گرفتاری رکوانے کی درخواست پر سماعت جسٹس امجد رفیق نے کی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ بشریٰ بی بی کی درخواست کسی اور عدالت میں تو زیر التوا نہیں ہے، اس پر ان کے وکیل انتظار پنجوتہ نے بتایا کہ نہیں کسی اور عدالت میں کوئی درخواست پینڈنگ نہیں ہے۔

وکیل انتظار پنجوتہ نے استدعا کی کہ حتمی فیصلہ آنے تک بشریٰ بی بی کی گرفتاری روکی جائے۔ اس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ پہلے ریکارڈ تو آ لے اس کے بعد دیکھیں گے، اس طرح کا حکم دیا جا سکتا ہے کہ نہیں یہ سوال ہائیکورٹ کے فل بنچ میں زیرالتوا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے وفاقی اور پنجاب حکومت سمیت دیگر کو کل کے لیے نوٹس جاری کر دیےہیں۔ عدالت نے پنجاب حکومت کے وکیل کو حکم دیا کہ کل تک مقدمات کا ریکارڈ پیش کریں۔ پنجاب حکومت کے وکیل غلام سرور نہنگ نے درخواست کی مخالفت کر دی۔سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی۔

بشریٰ بی بی نے انتظار پنجوتہ اور اعجاز بٹر ایڈووکیٹ کی وساطت سے آئینی درخواست دائر کی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp