لاہور میں جاری پاکستان ویمن اسکلز اینڈ فٹنس کیمپ کے تیسرے روز کھلاڑیوں نے اپنی مہارت اور جسمانی فٹنس کو مزید بہتر بنانے کے لیے بھرپور ٹریننگ کی۔
غنی انسٹیٹیوٹ کرکٹ گراؤنڈ پر لگائے گئے اس کیمپ میں خواتین کرکٹرز نے کوچنگ اسٹاف کی زیرِ نگرانی ایک طویل سیشن میں شرکت کی جس میں ان کی کارکردگی کے مختلف پہلوؤں پر کام کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: بسمہ معروف نے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا
تیسرے دن کے سیشن میں فیلڈنگ کو خصوصی اہمیت دی گئی اور کھلاڑیوں نے گروپس کی صورت میں دو گھنٹے تک مختلف ڈرلز کیں۔

فیلڈنگ کی مشقوں کے علاوہ مینٹور وہاب ریاض اور دیگر کوچز نے کھلاڑیوں کی بیٹنگ اور بولنگ کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے بھی خصوصی رہنمائی فراہم کی۔
یہ بھی پڑھیں: امارات کی ویمنز کرکٹ ٹیم نے ون ڈے اسٹیٹس حاصل کرلیا، امریکا باہر
ٹریننگ کے دوران گراؤنڈ کی مرکزی پچ پر کھلاڑیوں کو میچ جیسی صورتحال دے کر پریکٹس کرائی گئی تاکہ وہ دباؤ میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کرسکیں۔

خواتین کرکٹرز کی فٹنس اور مہارت کو بہتر بنانے کا یہ سلسلہ 23 اپریل تک جاری رہے گا جس کا مقصد مستقبل کے چیلنجز کے لیے ایک مضبوط ٹیم تیار کرنا ہے۔














