ایران سے کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے، بہت جلد کچھ ہونے والا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ کا انکشاف

جمعرات 22 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ واشنگٹن اس وقت ایران کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں کر رہا، تاہم ’بہت جلد کسی نہ کسی صورت کچھ ہونے والا ہے‘۔
جنوبی کیرولائنا میں ایک جلسے سے واپسی پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ’جی نہیں، میرا نہیں خیال کہ ہم مذاکرات کر رہے ہیں۔ ہم جلد ہی کسی نہ کسی صورت ایسی پیشرفت دیکھیں گے جو سامنے آئے گی۔‘

انہوں نے مزید کہا ’زیادہ تر لوگوں کا ماننا ہے کہ یہ انتخابات کے بعد ہوگا، اور ہم دیکھیں گے کہ آگے کیا ہوتا ہے۔‘

اس سے قبل جلسے سے اپنے خطاب کے دوران ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکا ایران کے ساتھ جاری جنگ کو ابھی ختم کر سکتا ہے، لیکن وہ یہ یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ اس کا نتیجہ پائیدار اور طویل المدتی ہو۔ ان کا کہنا تھا ’یہ جنگ بہت جلد ختم ہو جائے گی۔ ہم ابھی بھی نکل سکتے ہیں، لیکن ہم چاہتے ہیں کہ اس کے اثرات طویل عرصے تک برقرار رہیں۔‘

یہ بھی پڑھیے ٹرمپ کی روس پر پابندیوں میں نرمی، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی

سابق امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے فوجی اور مالی دونوں محاذوں پر ایران کو شکست دے دی ہے۔ تہران کو کبھی بھی ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے یہ بیانات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ‘دی نیویارک ٹائمز’ نے امریکی حکام کے حوالے سے رپورٹ شائع کی ہے کہ امریکی اور اسرائیلی افواج نے امریکی مڈ ٹرم انتخابات کے بعد ایران پر نئے حملوں کا منصوبہ تیار کر رکھا ہے۔ تاہم رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ ٹرمپ کی جانب سے ان حملوں کی منظوری دینا حتمی نہیں ہے، کیونکہ وہ رواں سال کے دوران بڑے پیمانے پر جنگی کارروائیوں میں دوبارہ کودنے کے منصوبوں کو متعدد بار ویٹو کر چکے ہیں۔

اس حوالے سے وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار نے نیویارک ٹائمز کو بتایا کہ انتظامیہ ایسے ملٹری منصوبوں پر تبصرہ نہیں کرتی جو ’وجود رکھتے ہوں یا نہ رکھتے ہوں۔‘

واضح رہے کہ امریکا اور اسرائیل نے 28 فروری کو ایران کے خلاف جنگ کا آغاز کیا تھا، جس کے جواب میں تہران نے خطے میں میزائل اور ڈرون حملے کیے اور عالمی توانائی کی فراہمی کے لیے انتہائی اہم ترین آبی گزرگاہ ‘آبنائے ہرمز’ کو مؤثر طور پر بند کر دیا۔

یہ بھی پڑھیے بڑا یو ٹرن، ڈونلڈ ٹرمپ کا ایران میں زمینی فوج اتارنے اور جوہری ہتھیار استعمال کرنے سے صاف انکار

اس سے قبل، پاکستان اور قطر کی ثالثی کے بعد جون میں امریکا اور ایران کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے تھے، تاہم آبنائے ہرمز میں آزادانہ جہاز رانی سمیت دیگر اختلافی نکات کے باعث یہ عمل تعطل کا شکار ہو چکا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp