پاکستان اور زمبابوے کی ویمن کرکٹ ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ پیر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کی کپتانوں نے تین میچوں کی سیریز جیتنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
سیریز کا دوسرا میچ 6 مئی اور تیسرا و آخری ون ڈے 9 مئی کو شیڈول ہے۔
اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 3 میچوں پر مشتمل ٹی20 سیریز کھیلی جائے گی، جس کا آغاز 12 مئی کو ہوگا، دوسرا میچ 14 مئی اور تیسرا و آخری ٹی20 15 مئی کو کھیلا جائے گا۔
سیریز کی تیاریوں کے سلسلے میں دونوں ٹیموں نے اتوار کی شب نیشنل اسٹیڈیم میں حتمی مشقیں کیں۔ دن بھر کی شدید گرمی کے بعد شام کے وقت چلنے والی ٹھنڈی سمندری ہواؤں میں کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی بھرپور پریکٹس کی۔
ون ڈے میچز آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ 29-2025 کا حصہ ہیں۔ ون ڈے میچز کا آغاز دوپہر ساڑھے 3 بجے جبکہ ٹی20 میچز شام ساڑھے سات بجے شروع ہوں گے۔
پاکستان ویمن ٹیم کی قیادت فاطمہ ثنا کریں گی، جبکہ اسکواڈ میں ایک غیر کیپڈ کھلاڑی مومنہ ریاض بھی شامل ہیں۔ ٹی20 سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
پاکستان اس وقت آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ اسٹینڈنگ میں پانچویں نمبر پر ہے، تاہم تازہ ویمن ون ڈے انٹرنیشنل رینکنگ میں ایک درجہ تنزلی کے بعد وہ 7 سے 8ویں پوزیشن پر آگیا ہے۔
زمبابوے کے خلاف یہ سیریز پاکستان ویمن ٹیم کے لیے 12 جون سے 5 جولائی تک انگلینڈ اور ویلز میں ہونے والے آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاریوں کا اہم موقع ہے۔
اس سے قبل پاکستان ٹیم 28 مئی سے 4 جون تک آئرلینڈ میں ہونے والے سہ ملکی ٹی20 ٹورنامنٹ میں بھی شرکت کرے گی، جس میں آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز شامل ہوں گے۔
پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے کہاکہ زمبابوے کے خلاف سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ میں مضبوط آغاز کا موقع ہے۔ ان کے مطابق ہوم کنڈیشنز میں کھیلنا ٹیم کو اضافی اعتماد دیتا ہے اور کھلاڑی ان حالات سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے تیار ہیں۔
دوسری جانب زمبابوے کی عبوری کپتان نوم ویلو سیبانڈا نے کہاکہ گرم موسم کے باوجود پاکستان کا یہ پہلا دورہ ان کے لیے تاریخی اہمیت رکھتا ہے اور ٹیم ایک مضبوط حریف کے خلاف بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے پرجوش ہے۔
ون ڈے سیریز کے لیے پاکستان کے 15 رکنی اسکواڈ میں فاطمہ ثنا (کپتان)، عالیہ ریاض، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، گل فیروزہ، مومنہ ریاض، منیبہ علی (وکٹ کیپر)، ناجیہ علوی (وکٹ کیپر)، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، رامین شمیم، صدف شمس، سدرہ عارف، تابش اور تابش شاہ شامل ہیں۔ ریزرو کھلاڑیوں میں ارم جاوید، ایمن فاطمہ، سائرہ جبین، طوبہ حسن اور عنبر کائنات شامل ہیں۔
ٹیم مینجمنٹ میں عائشہ اشعر ٹیم منیجر، وہاب ریاض مینٹور و ہیڈ کوچ، عبدالرحمان اسپن بولنگ کوچ، عمید آصف فاسٹ بولنگ کوچ، عبدالمجید فیلڈنگ کوچ، عمران فرحت بیٹنگ کوچ، محمد ارسلان میڈیا منیجر، ولید احمد اینالسٹ، معین اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ اور شہزادی مساجر کی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہیں۔













