امریکی بجٹ ایئرلائن اسپرٹ دیوالیہ، تمام اثاثے فروخت کرنے کا حکم

بدھ 6 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا کی معروف بجٹ ایئرلائن اسپرٹ نے اپنے چمکدار پیلے رنگ کے طیارے گزشتہ ہفتے گراؤنڈ کرنے کے بعد عدالت سے اپنا کاروبار سمیٹنے کی باقاعدہ اجازت حاصل کر لی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی فضائی کمپنی ڈیلٹا ایئر لائنز شدید انتظامی مسائل کا شکار، سینکڑوں پروازیں منسوخ

اسپرٹ ایئرلائنز نے ہفتے کے آخر میں اچانک اپنی تمام مستقبل کی پروازیں منسوخ کرنے کے بعد عدالت سے رجوع کیا تھا تاکہ اپنےاثاثوں کو قرض خواہوں کو ادائیگی کے لیے نقد رقم میں تبدیل کرنے کا عمل شروع کرسکے۔

امریکا میں دیوالیہ پن سے متعلق عدالت کے جج شان لین نے ایئرلائن کے تیز رفتار بندش کے منصوبے کی منظوری دی، جس کے بعد اسپرٹ کو اپنی باقی کاروباری سرگرمیوں کو ختم کرنے اور اثاثوں کی فروخت کی طرف بڑھنے کی اجازت مل گئی۔

جج نے سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آج کا دن بہت مشکل ہے۔ یہ وہ دن نہیں تھا جس کی کسی نے کبھی امید کی ہو، انہوں نے ایئرلائن کے ملازمین اور ان کے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔

مزید پڑھیں: امریکی ایئر لائنز کا بڑا فیصلہ، اب مسافروں کو مفت کھانا اور مشروبات نہیں ملیں گے

عدالتی منظوری ضروری تھی کیونکہ کسی ایئرلائن کو بند کرنا ایک پیچیدہ عمل ہوتا ہے، جس میں قرض دہندگان، ریگولیٹرز، ایئرپورٹ حکام اور ملازمین سب شامل ہوتے ہیں اور اس پورے عمل کو انتہائی احتیاط سے مکمل کرنا پڑتا ہے۔

گزشتہ روز کی سماعت میں 100 سے زائد افراد نے آن لائن شرکت کی، جو اس کیس میں گہری دلچسپی کو ظاہر کرتا ہے۔

اسپرٹ ایئرلائنز کا منصوبہ یہ ہے کہ وہ اپنے تمام ممکنہ اثاثے فروخت کرے، جن میں طیارے، انجن، اسپیئر پارٹس، ایئرپورٹ گیٹس اور لینڈنگ سلاٹس شامل ہیں، جبکہ ساتھ ہی اضافی اخراجات جیسے تنخواہوں، لیز اور دیگر اخراجات کو کم سے کم رکھا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp