ٹورنٹو میں ایک یکطرفہ سڑک پر گوگل میپ کی غلط نشاندہی کے باعث کئی روز تک گاڑیاں الٹی سمت میں داخل ہوتی رہیں، جس سے مقامی رہائشیوں کو شدید مشکلات اور حفاظتی خدشات کا سامنا کرنا پڑا۔
مزید پڑھیں: ویڈیو: گوگل میپ کے دکھائے راستے پر جانے والی گاڑی نالے میں جاگری
رہائشیوں کے مطابق ونونا ڈرائیو نامی سڑک دراصل جنوب کی جانب یکطرفہ ہے، تاہم گوگل میپس نے اسے شمال کی جانب یکطرفہ ظاہر کردیا تھا، جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں ڈرائیور غلط سمت سے سڑک پر داخل ہونے لگے۔
مقامی رہائشی جے پی ٹمرمین نے بتایا کہ گاڑیاں تیز رفتاری سے غلط سمت میں آتی تھیں، جبکہ علاقے میں تعینات اسکول کراسنگ گارڈ بھی شدید دباؤ کا شکار ہوگیا تھا۔

رہائشیوں نے پولیس، بلدیاتی حکام اور گوگل کو شکایات درج کروائیں، جبکہ لوگوں نے خود ساختہ بورڈز بھی لگائے جن پر جی پی ایس (GPS) غلط ہے درج تھا، تاہم اس کے باوجود مسئلہ برقرار رہا۔
بعد ازاں سٹی کونسلر جوش میٹلو کی مداخلت پر شہری انتظامیہ نے عارضی رکاوٹیں اور داخلہ ممنوع کے بورڈ نصب کیے۔ گوگل نے پیر کے روز تصدیق کی کہ نقشے میں موجود غلطی درست کردی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: گوگل میپ نے پھر دھوکا دیدیا، نیپال جانے والے سائیکلسٹ بھارت میں بھٹک گئے
جوش میٹلو نے کہا کہ اس قسم کی تکنیکی غلطیاں شہریوں کی سلامتی پر فوری اثر ڈالتی ہیں اور گوگل کو ایسے معاملات میں زیادہ شفاف اور فوری ردعمل دینا چاہیے۔














