صدر مملکت آصف علی زرداری نے معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں کے باعث پاکستان خطے میں توازن اور استحکام کی علامت کے طور پر ابھرا ہے۔
ایوانِ صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے معرکہ حق کی سالگرہ پر قوم اور مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس کامیابی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت، حکمت عملی اور جرات مندانہ فیصلوں کا بنیادی کردار رہا۔
انہوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور اعلیٰ صلاحیتوں کو سراہا، جبکہ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور بحری افواج کی مکمل آپریشنل تیاری کو بھی قومی سلامتی کے لیے قابلِ فخر قرار دیا۔
صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ملک ہے جس نے دشمن کی جارحیت کا مؤثر اور متوازن جواب دے کر اپنی دفاعی صلاحیت دنیا کے سامنے واضح کی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیرقانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، اور پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
صدر مملکت نے مزید کہاکہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کی کوشش آبی جارحیت کے مترادف ہے، کیونکہ پانی کروڑوں پاکستانیوں کی زندگی سے جڑا ہوا مسئلہ ہے۔
انہوں نے افغانستان پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان یا خطے کے کسی بھی ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے، جبکہ بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کا خاتمہ خطے کے امن کے لیے ناگزیر ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں سے پاکستان خطے میں توازن اور استحکام کی ایک مضبوط علامت کے طور پر سامنے آیا ہے، جبکہ ایران اور امریکا کے تنازع کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا گیا۔
صدر مملکت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی قوم اور مسلح افواج ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے اور ملک کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔














