معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر پروقار تقریب: فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بہادری کی نئی تاریخ رقم کی، وزیراعظم شہباز شریف

اتوار 10 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان مونومنٹ پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں آپریشن ’بنیان مرصوص‘ میں بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پر افواج پاکستان کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا۔

تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، وفاقی وزرا سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب میں غیرملکی سفارتکاروں نے بھی شرکت کی۔ آغاز پر قومی ترانہ بجایا گیا، جس کے احترام میں شرکا کھڑے ہوگئے۔ اس کے بعد تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے مارچ پاسٹ کیا اور سلامی دی۔

واضح رہے کہ معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر ملک بھر سمیت بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے بھی پروقار تقریبات کا انعقاد کیا، اور اس عزم کا اعادہ کیاکہ وطن عزیز کی سالمیت کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائےگا۔

شہدا کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی

تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف کی درخواست پر مادر وطن کے دفاع میں جانیں قربان کرنے والے شہدا کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

بھارت کی جانب سے رات کی تاریکی میں کیے گئے حملے کا تاریخی جواب دیا گیا، وزیراعظم

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے پاکستان مونومنٹ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارت نے پہلگام واقعے کو بنیاد بنا کر پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کیے، تاہم پاکستان نے عالمی سطح پر شفاف تحقیقات کی پیشکش کی۔

انہوں نے کہا کہ دشمن نے رات کی تاریکی میں مساجد اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، لیکن پاکستان کی افواج نے اس حملے کا بھرپور اور تاریخی جواب دیا، جب پاکستانی شاہین دشمن پر جھپٹے تو دشمن کو شدید نقصان اٹھانا پڑا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس جنگ کا خلاصہ یہ ہے کہ ایک طرف پاکستانی شہدا کی قربانیوں کا غلبہ تھا اور دوسری طرف دشمن کے طیاروں کی تباہی تھی، اور صرف 4 گھنٹوں میں دشمن جنگ بندی کی درخواست پر مجبور ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ ’معرکہ حق‘ کو ہر سال جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔ انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جرات اور بہادری کی نئی تاریخ رقم کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ وہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور ان کے شاہینوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جنہوں نے دشمن کے عزائم ناکام بنائے۔ اسی طرح انہوں نے نیول چیف اور بحریہ کے افسران و جوانوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دوست اور برادر ممالک نے سفارتی محاذ پر بھرپور ساتھ دیا جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔

وزیراعظم کا صدر ٹرمپ کا بھی شکریہ

انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے خطے میں امن کے لیے کردار ادا کیا۔

وزیراعظم نے کہاکہ اگر جنگ مزید بڑھتی تو اس کے نتائج سنگین ہو سکتے تھے، تاہم صدر ٹرمپ نے جنگ بندی میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔

انہوں نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور دیگر ممالک کا ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے چینی قیادت اور عوام کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان کی حمایت کر کے دوستی کا حق ادا کیا اور یہ ثابت کیا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور شہد سے زیادہ میٹھی ہے۔

مزید پڑھیں: 10 مئی ملکی تاریخ کا روشن باب، فیلڈ مارشل کی قیادت میں افواج پاکستان نے اپنی مہارت ثابت کی، آصف زرداری

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں فریقین کو جنگ بندی پر آمادہ کیا اور کئی دہائیوں بعد دونوں کو مذاکرات کی میز پر لانے میں کردار ادا کیا۔

وزیراعظم نے کہاکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بتایا ہے کہ ایران کی جانب سے امریکی تجاویز پر جواب موصول ہوگیا ہے، تاہم میں اس کی مزید تفصیل میں نہیں جاؤں گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp