مضبوط اور مستحکم پاکستان کشمیر کی آزادی کے لیے ناگزیر ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور

پیر 11 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجا فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے، جبکہ پاکستان اور کشمیریوں کا رشتہ کلمے کی بنیاد پر قائم ہے، مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کی نوید بنے گا۔

آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں معرکہ حق کی یاد میں نکالی گئی جس میں وزیراعظم نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے ’پاکستان زندہ باد‘ ریلی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی بڑی تعداد میں شرکت ان کی پاکستان اور مسلح افواج سے بے پناہ محبت کا ثبوت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ سال مئی میں ہونے والا معرکۂ حق دراصل حق اور باطل کے درمیان واضح تفریق کا اعلان تھا۔ اس دوران بھارت نے جھوٹ پر مبنی بیانیہ بنا کر پاکستان پر حملے کی کوشش کی، تاہم پاکستان نے دشمن کو شکست دے کر تاریخ رقم کی۔

انہوں نے پاک افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا معرکہ حق کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کے اہل خانہ کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ معرکے کے بعد پاکستان کا وقار عالمی سطح پر مزید بلند ہوا جبکہ سفارتی محاذ پر بھارت کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ جب موجودہ حکومت نے ذمہ داریاں سنبھالیں تو ریاستی حالات مشکل تھے اور عوام کا نظام پر اعتماد کمزور ہو چکا تھا، تاہم اب عوام کا اعتماد بحال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اگر موقع ملا تو 2 سال کے اندر ریاست کو اس سطح تک لے جایا جا سکتا ہے جہاں ہر شہری خوشحال ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ حکومت نے ایڈہاک ملازمین، سلیکشن بورڈز اور ترقیاتی منصوبوں کو آگے بڑھانے کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔ باغ میں تین پلوں، ہائی اور مڈل اسکولوں اور سڑکوں کی تعمیر کو یقینی بنایا گیا ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ 36 سال بعد ان کے مرحوم والد کے اعلان کردہ پل کا سنگ بنیاد بھی رکھا گیا ہے، جبکہ باغ کے لیے سیڑھی برج اور سوانج برج کو آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقابلہ غربت اور افلاس سے ہے اور عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رہے گا۔ حکومت ایکشن کمیٹی کے ساتھ کیے گئے معاہدوں پر عملدرآمد کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ حکومت عوام کے ساتھ ہے اور عوامی خدمت کے مشن کو ہر صورت جاری رکھا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp