پاکستان کے اسپنر نعمان علی نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 130 سال پرانا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
مزید پڑھیں: ڈھاکا ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں، پاکستان کو آخری روز 268 رنز درکار
میرپور کے شیرِ بنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ کے دوران نعمان علی نے مہدی حسن مرزا کو آؤٹ کرکے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 100 وکٹیں مکمل کیں۔
39 سال اور 217 دن کی عمر میں وہ ٹیسٹ تاریخ میں 100 وکٹیں مکمل کرنے والے معمر ترین کھلاڑی بن گئے۔ انہوں نے انگلینڈ کے سابق اسپنر بوبی پیل کا 1896 کا ریکارڈ توڑا، جنہوں نے 39 سال اور 180 دن کی عمر میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔
نعمان علی نے یہ سنگِ میل اپنے 22ویں ٹیسٹ میچ میں حاصل کیا۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 100 وکٹیں مکمل کرنے والے پاکستان کے 9یں اسپنر اور مجموعی طور پر 21ویں بولر بن گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: ڈھاکا ٹیسٹ کا چوتھا روز: بنگلہ دیش کو دوسری اننگز میں پاکستان کے خلاف 179 رنز کی برتری
انہوں نے بنگلہ دیش کی دوسری اننگز میں 3 اہم وکٹیں حاصل کیں، جن میں کپتان شانتو اور تیج الاسلام کی وکٹیں بھی شامل تھیں۔
اس کامیابی کے ساتھ نعمان علی پاکستان کی جانب سے تیز ترین 100 ٹیسٹ وکٹیں لینے والے مشترکہ چوتھے بولر جبکہ تیسرے تیز ترین اسپنر بھی بن گئے ہیں۔














