نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت مشرق وسطیٰ میں تعینات سفیروں کی کانفرنس کا اختتامی اجلاس منعقد ہوا، جو 14 سے 18 مئی 2026 تک اسلام آباد میں جاری رہی۔
اختتامی اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کانفرنس کے دوران ہونے والی تفصیلی مشاورت اور اہم سفارشات کا جائزہ لیا۔
اپنے خطاب میں اسحاق ڈار نے خلیجی ممالک کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان تعلقات کو سیاسی، معاشی اور عوامی روابط کے تمام شعبوں میں مزید مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان خطے میں اقتصادی تعاون کو فروغ دینے اور امن و استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
نائب وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ خلیجی ممالک سمیت دنیا بھر میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے مثبت اور سہولت کار کردار کو بھی اجاگر کیا اور مسلسل رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔
اسحاق ڈار نے وزارت خارجہ، مشنز کے سربراہان اور متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ وہ قریبی رابطہ برقرار رکھیں، فعال سفارتی روابط جاری رکھیں اور سفارشات پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنائیں۔














