نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کفایت شعاری اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مشرق وسطیٰ کی بدلتی صورتحال کے تناظر میں حکومت کی جانب سے 13 مارچ 2026 کو اعلان کردہ کفایت شعاری اقدامات پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں کابینہ سیکریٹری نے مختلف وزارتوں اور ڈویژنز میں نافذ کیے جانے والے اقدامات پر پیشرفت سے متعلق بریفنگ دی، جبکہ مختلف اداروں کی جانب سے اٹھائے گئے امور کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے موجودہ معاشی چیلنجز کے دوران مالی نظم و ضبط کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تمام وزارتوں اور ڈویژنز کو ہدایت کی کہ وہ سرکاری اخراجات اور انتظامی فیصلوں میں انتہائی ذمہ داری اور احتیاط کا مظاہرہ کریں۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری سے صوبوں کی مشاورت کے بعد طے کردہ حکومتی کفایت شعاری فریم ورک پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں وزیر مملکت برائے خزانہ، معاونِ خصوصی طارق باجوہ، سیکریٹری کابینہ، سیکریٹری داخلہ، اسپیشل سیکریٹری پیٹرولیم سمیت دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔













