صحت اور سکون کے لگژری پروگرامز کا نیا رجحان: بہتر نیند اور کم تناؤ کے دعوے

جمعرات 21 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دنیا بھر میں ہوٹل اسپاز اور ویلنس ریٹریٹس کا تصور تیزی سے بدل رہا ہے، جہاں روایتی آرام دہ تھراپی کے بجائے اب ایسے پروگرامز متعارف کرائے جا رہے ہیں جن کا دعویٰ ہے کہ یہ نیند بہتر بنانے، ذہنی تناؤ کم کرنے اور طویل و صحت مند زندگی میں مدد دے سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا کے پُرامن اور پُرسکون ٹاپ 10 ممالک کون سے ہیں؟

بی بی سی کے مطابق ویلنس ٹریول، جو کبھی صرف ہوٹل اسپاز میں آرام یا مساج تک محدود تھا، اب ایک نئی سمت اختیار کر چکا ہے۔

بڑھتی ہوئی طلب کے باعث دنیا بھر کے ہوٹل اور ریزورٹس اپنے اسپاز کو محض آرام گاہوں سے بدل کر ایسے مراکز میں تبدیل کر رہے ہیں جہاں فٹنس اسیسمنٹ، سلیپ ٹریکنگ اور ’لانجیوٹی پروگرامز‘ جیسے جدید طریقے اپنائے جا رہے ہیں۔ یہ سہولیات اب ہمالیہ کے دامن میں آیورویدک کلینکس سے لے کر اٹلی کے جھیل کومو تک مختلف مقامات پر دستیاب ہیں۔

امریکا کے شہر ٹکسن میں واقع کینین رینچ کے ’لانجیوٹی8‘ پروگرام کی مثال بھی سامنے آئی ہے جہاں ایک 4 روزہ ریٹریٹ میں تشخیصی ٹیسٹس، مشاورت اور ہائیکنگ، واکنگ اور سائیکلنگ جیسی سرگرمیاں شامل ہیں۔ شرکت کرنے والے ایک شخص نے بتایا کہ وہ ذہنی دباؤ اور تھکن سے نکل کر اپنی صحت کے بارے میں زیادہ سنجیدہ اور منظم رویہ اختیار کرنا چاہتے تھے۔

تحقیقی ادارے میک کنزی کی سنہ 2025 کی ’فیوچر آف ویلنس‘ رپورٹ کے مطابق 10 میں سے 6 افراد صحت مند بڑھاپے کو اپنی اولین ترجیح قرار دیتے ہیں جبکہ گلوبل ویلنس انسٹی ٹیوٹ کے مطابق ویلنس ٹورزم 6.8 ٹریلین ڈالر کی انڈسٹری کا تیزی سے بڑھتا ہوا شعبہ ہے۔

مزید پڑھیے: سیاحتی اعتبار سے لندن کی تنزلی جاری، پیرس پھر بازی لے گیا

اگرچہ ’لانجیوٹی‘ کے دعوے دلکش ہیں تاہم ماہرین کے مطابق ان علاجوں کے ذریعے عمر میں واضح اضافے کے سائنسی شواہد محدود ہیں۔ تاہم یہ ریٹریٹس صحت مند عادات جیسے بہتر خوراک، باقاعدہ ورزش، مراقبہ اور ذہنی سکون کو فروغ دیتے ہیں۔

ویلنس ریٹریٹس کا ایک نیا رجحان ’بلو زونز‘ سے متاثر ہے یعنی وہ علاقے جہاں لوگ نسبتاً زیادہ عمر پاتے ہیں۔ اٹلی کے جھیل کومو ایڈیشن ہوٹل اور امریکا کے ساؤتھ کیرولائنا میں واقع ہلٹن ہیڈ ہیلتھ جیسے مراکز میں اب انہی طرز کے پروگرامز پیش کیے جا رہے ہیں جن میں صحت مند طرز زندگی، فطرت کے قریب رہنے اور ذہنی سکون پر زور دیا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں: نیا سال نئی امنگیں، زندگی میں خوشی و سکون بڑھانے کے 9 طریقے

ماہرین کے مطابق اگرچہ سائنسی طور پر یہ ثابت نہیں کہ یہ ریٹریٹس عمر بڑھاتے ہیں تاہم یہ طرزِ زندگی میں مثبت تبدیلی، ذہنی دباؤ میں کمی اور بہتر عادات اپنانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ اصل فائدہ اس وقت ہوتا ہے جب ریٹریٹ میں سکھائی گئی عادات کو گھر واپس جا کر بھی جاری رکھا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp