پاکستان اور چین کا دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

جمعرات 28 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چین اور پاکستان نے دوطرفہ عسکری تعاون اور اسٹریٹجک روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ چینی وزارت دفاع نے دونوں ممالک کے تعلقات کو ’آہنی دوستی‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دفاعی شعبے میں مشترکہ مشقوں، تربیت اور ٹیکنالوجی تعاون کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔

چینی وزارت دفاع کے ترجمان کرنل جیانگ بن نے جمعرات کو ماہانہ پریس بریفنگ کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دورۂ چین کے تناظر میں دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی روابط پر اظہار خیال کیا۔

ایک سوال کے جواب میں کرنل جیانگ بن نے کہا کہ چین اور پاکستان پہاڑوں اور دریاؤں سے جڑے اچھے ہمسائے، ایک دوسرے پر اعتماد کرنے والے اچھے دوست، باہمی تعاون کرنے والے شراکت دار اور مشکل وقت میں ساتھ کھڑے ہونے والے بھائی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے مشترکہ اعلامیہ: پاک چین تعلقات نئی اسٹریٹجک بلندی پر، مستقبل کی نئی برادری کے قیام پر اتفاق

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان عسکری تعلقات انتہائی مضبوط ہیں اور اسٹریٹجک رابطوں، مشترکہ فوجی مشقوں، تربیت، اہلکاروں کے تبادلوں اور دفاعی سازوسامان و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں عملی تعاون کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔

چینی وزارت دفاع کے ترجمان کے مطابق دونوں ممالک کی افواج، بحریہ اور فضائیہ کے درمیان ہونے والی مشترکہ مشقیں، جن میں ’وارئیرز‘، ’اوشن گارڈز‘ اور ’ایگلز‘ مشقیں شامل ہیں، دوطرفہ دفاعی تعاون کی نمایاں علامت بن چکی ہیں۔

کرنل جیانگ بن نے کہا کہ چین دونوں ممالک کی قیادت کی اسٹریٹجک رہنمائی میں پاکستان کے ساتھ مل کر روایتی دوستی کو آگے بڑھانے، اسٹریٹجک روابط مضبوط بنانے، عملی تعاون کو مزید گہرا کرنے اور بنیادی قومی مفادات کے معاملات پر ایک دوسرے کی بھرپور حمایت جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک فوجی تعلقات کو مزید بلند سطح تک لے جانے کے لیے تعاون جاری رکھیں گے اور نئے دور میں پاک چین مشترکہ مستقبل کی حامل برادری کو مزید مضبوط بنائیں گے، جبکہ خطے اور دنیا میں امن، ترقی اور سلامتی کے فروغ کے لیے بھی مشترکہ کردار ادا کریں گے۔

یہ بھی پڑھیے وزیراعظم شہباز شریف اور شی جن پنگ کی ملاقات، پاک چین تعاون کے نئے دور پر اتفاق

چینی وزارت دفاع کے ترجمان نے کہا کہ سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد گزشتہ 75 برسوں میں پاک چین دوستی نے عالمی حالات میں آنے والی تبدیلیوں کے باوجود خود کو مزید مضبوط کیا ہے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات وقت کے ساتھ مزید گہرے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اکثر پاک چین دوستی کو ’پہاڑوں سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھی‘ قرار دیتے ہیں، جبکہ چینی عوام محبت سے پاکستان کو ’آئرن پاکستان‘ کہتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp