انڈین کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے مستقبل کی منصوبہ بندی اور سال 2028 کے اولمپکس گیمز سمیت عالمی کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے بیس اوورز کے فارمیٹ کی قیادت میں بہت بڑی تبدیلی کا اعلان کردیا ہے۔
مروجہ کپتان سوریا کمار یادو کو ناقص فارم کے باعث ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا ہے، جبکہ ان کی جگہ 31 سالہ مڈل آرڈر بلے باز شریاس آئیر کو باقاعدہ طور پر انڈین ٹیم کا نیا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ رواں ماہ جون اور جولائی میں ہونے والے دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لیے کیا گیا ہے۔
ٹنڈولکر کا ریکارڈ ٹوٹنے کا خدشہ
اس نئے اسکواڈ میں سب سے حیران کن شمولیت 15سالہ نوجوان بلے باز ویبھو سوریا ونشی کی ہے، جنہیں انڈین پریمیئر لیگ میں شاندار کارکردگی کی بنیاد پر پہلی مرتبہ قومی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
قیادت میں تبدیلی کے ساتھ ساتھ نائب کپتانی کے عہدے پر بھی تبدیلی کی گئی ہے اور آل راؤنڈر اکشر پٹیل کی جگہ تلک ورما کو ٹیم کا نیا نائب کپتان نامزد کیا گیا ہے۔
حال ہی میں ٹیم کو اپنی قیادت میں عالمی کپ جتوانے والے 35 سالہ سوریا کمار یادو کے لیے حالیہ عالمی کپ اور انڈین پریمیئر لیگ کا سیزن انتہائی مایوس کن رہا، جہاں وہ رنز بنانے کے لیے جدوجہد کرتے نظر آئے۔
یہ بھی پڑھیں: انڈین کرکٹ ٹیم مسلسل ناقابل شکست کیسے بنی؟
سلیکٹرز کا ماننا ہے کہ اگلا عالمی کپ آنے تک ان کی عمر 38 برس ہوجائے گی، اس لیے مستقبل کے لیے ابھی سے نوجوان قیادت کو تیار کرنا ضروری ہے۔
دوسری جانب نئے کپتان شریاس آئیر نے دسمبر 2023 کے بعد سے کوئی بین الاقوامی بیس اوورز کا میچ نہیں کھیلا تھا، تاہم ان کے پاس انڈین پریمیئر لیگ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو چیمپیئن بنانے اور دیگر فرنچائزز کی کامیاب قیادت کا وسیع تجربہ موجود ہے، جس کی وجہ سے سلیکٹرز نے انہیں اس منصب کے لیے بہترین امیدوار قرار دیا ہے۔
اسکواڈ میں شامل کیے گئے 15 سالہ ویبھو سوریا ونشی اگر آئرلینڈ یا انگلینڈ کے خلاف میدان میں اترتے ہیں، تو وہ 16 سال کی عمر سے قبل بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھنے والے انڈیا کے پہلے کھلاڑی بن جائیں گے۔
اس سے قبل سچن ٹینڈولکر نے 16 سال سے زائد عمر میں اپنا پہلا میچ کھیلا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: انڈیا کو پاکستان میں کھیلنا چاہیے تھا، انڈین کرکٹ بورڈ کے غلط فیصلے کے خلاف بھارتی شائقین بھی بول اٹھے
نئے اسکواڈ میں ہاردک پانڈیا اور جسپریت بمراہ جیسے سینیئر کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا ہے، جبکہ رنکو سنگھ اور کلدیپ یادو کو اس بار ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا۔
نتیش کمار ریڈی، روی بشنوئی اور پرنس یادو جیسے نوجوان کھلاڑیوں پر اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے۔
انڈین ٹیم آئرلینڈ کے خلاف بیل فاسٹ میں 2 میچ کھیلے گی، جس کے بعد 1 جولائی سے انگلینڈ کے خلاف 5 میچوں کی سیریز کا آغاز ہوگا۔














