وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ ایک مخصوص سیاسی جماعت سے وابستہ سینکڑوں ٹرول اکاؤنٹس اشتعال انگیزی کو ہوا دینے کے لیے نازیبا زبان اور بے بنیاد الزامات کا سہارا لے رہے ہیں۔
ایکس پر سابق وفاقی وزیر دانیال عزیز کا ایک کلپ شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ وہ گزشتہ کچھ عرصے سے ایسے متعدد سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا مشاہدہ کر رہے ہیں جو ایک مخصوص سیاسی جماعت سے تعلق رکھتے ہیں اور آزاد جموں و کشمیر میں کشیدگی اور اشتعال کو بڑھانے کی کوشش کررہے ہیں۔
I’ve also been observing hundreds of troll accounts belonging to a specific political party using foul language and obnoxious allegations to stoke fire in Azad Jammu and Kashmir. Here, Daniyal Aziz is right on point about this political party and its second/third tier leadership.… pic.twitter.com/hzk5ajxtR8
— Faisal Mumtaz Rathore (@PMofAJK) June 14, 2026
انہوں نے اس حوالے سے دانیال عزیز کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ سیاسی جماعت اور اس کی دوسری اور تیسری صف کی قیادت کے بارے میں دانیال عزیز نے درست نشاندہی کی ہے۔
فیصل راٹھور کے مطابق اس جماعت کے حامی بیرون ملک پاکستان مخالف مظاہروں میں شریک ہوتے دیکھے گئے ہیں، جبکہ اس سے وابستہ بعض یوٹیوبرز موجودہ صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے ویوز اور مواد کی تشہیر میں اضافے کے لیے جھوٹ، قیاس آرائیوں اور غیر مصدقہ معلومات پر مبنی مواد نشر کررہے ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیاکہ ایسے عناصر حقائق پر مبنی معلومات فراہم کرنے کے بجائے اشتعال انگیزی کو فروغ دے رہے ہیں اور سوشل میڈیا کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج کے دوران سوشل میڈیا پر سیاسی قیادت اور اداروں کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی جارہی ہے۔














