بجٹ 3 مہینے یا پورے سال کے لیے؟ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت کو شدید مشکلات

منگل 16 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے عین وقت پر اسمبلی کا اجلاس بجٹ پیش کیے بغیر ملتوی کردیا، جبکہ محکمہ خزانہ نے 15 جون کو بجٹ اجلاس بلانے کی سمری وزیراعلیٰ ہاؤس کو ارسال کردی تھی۔

محکمہ خزانہ کے ایک ذریعے نے بتایا کہ محکمے نے وزیر خزانہ سے مشاورت کے بعد 15 جون کو بجٹ اجلاس بلانے کی سمری وزیراعلیٰ ہاؤس بھیج دی تھی، لیکن اسی دوران اسپیکر نے اجلاس 17 جون تک ملتوی کرنے کا اعلامیہ جاری کردیا، حالانکہ اجلاس پہلے 15 جون کو مقرر تھا۔

مزید پڑھیں: ورکرز کے دباؤ پر عرفان سلیم کو سینیٹ کا ٹکٹ مل گیا، کیا پی ٹی آئی میں اختلافات ختم ہو گئے؟

انہوں نے بتایا کہ محکمہ خزانہ وزیراعلیٰ ہاؤس سے سمری کی منظوری کا انتظار کررہا ہے۔

’پورے سال کا بجٹ تیار ہے، 3 ماہ کے بجٹ میں صداقت نہیں‘

وزیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم کے مطابق ان کی تیاری مکمل ہے اور پورے سال کے لیے بجٹ تیار کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم سے ملاقات میں اپنے تمام تحفظات ان کے سامنے رکھے اور وفاق کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ وفاق صوبوں سے تعاون بھی چاہتا ہے۔

مزمل اسلم نے بتایا کہ انہوں نے وزیراعظم کو واضح طور پر بتا دیا ہے کہ عمران خان سے ملاقات انتہائی ضروری ہے اور صوبائی حکومت اہم معاملے، یعنی بجٹ پر ان سے مشاورت چاہتی ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی خیبر پختونخوا شوکت یوسف زئی نے بھی اپنے ایک بیان میں واضح کیاکہ حکومت پورے سال کا بجٹ پیش کرےگی اور 3 ماہ کے بجٹ میں کوئی صداقت نہیں۔

انہوں نے کہاکہ مزمل اسلم اور ان کی ٹیم نے بجٹ تیار کرلیا ہے اور اسے جلد پیش کیا جائےگا۔

کیا علیمہ خان اور ناراض اراکین رکاوٹ ہیں؟

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے سہیل آفریدی سے صوبائی بجٹ کو عمران خان سے ملاقات سے مشروط کرنے کا مطالبہ کیا ہے، جس کے بعد پی ٹی آئی کے ناراض اراکین بھی سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں اور عمران خان سے ملاقات کے لیے بجٹ کے ذریعے وفاق پر دباؤ ڈالنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔

ناراض رکن فضل الٰہی کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی میں ان کی تعداد 38 تک ہے اور سب عمران خان کی رہائی نہ ہونے پر قیادت سے ناراض ہیں۔

پی ٹی آئی کے ایک رہنما نے بتایا کہ ناراض اراکین اور علیمہ خان سہیل آفریدی کے لیے مشکلات پیدا کررہے ہیں، جس کی وجہ سے بجٹ تاخیر کا شکار ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بجٹ تیار ہے، لیکن پارٹی کے اندر مخالفت کے باعث اسے پیش نہیں کیا جا رہا، جبکہ سہیل آفریدی راستہ نکالنے کی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ علیمہ خان کے مطالبے کے بعد پارٹی میں سہیل آفریدی سے ناراض اراکین کو بھی ایک بہانہ مل گیا ہے اور وہ اب کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ سہیل آفریدی نے علیمہ خان کے مطالبے پر وزیراعظم کے سامنے بھی عمران خان سے ملاقات کرانے کا مطالبہ کیا، لیکن اس کا ابھی تک کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔

پی ٹی آئی رہنما نے بتایا کہ سہیل آفریدی وفاق کے ساتھ سرپلس کا وعدہ کرکے آئے ہیں، لیکن پارٹی کے اندر وفاق سے تعاون پر انہیں تنقید کا سامنا ہے اور ناراض اراکین اس کا مکمل فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

’بجٹ تیار ہے، وفاق سے بھی معاملات طے ہو چکے ہیں، اگر کہیں رکاوٹ ہے تو وہ پارٹی کے اندرونی معاملات ہیں۔‘

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں بجٹ کے حوالے سے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی تھی۔

پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق کمیٹی کا ایک اجلاس ہو چکا ہے، لیکن سفارشات ابھی تک حکومت کو نہیں دی گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ کمیٹی کو بجٹ میں تاخیر اور دیگر امور کے حوالے سے آئینی اور قانونی نقطہ نظر سے سفارشات مرتب کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔

کیا 3 ماہ کے لیے بجٹ اب بھی زیر غور ہے؟

اسلام آباد میں پارلیمانی اجلاس کے بعد خبریں سامنے آئی تھیں کہ وفاق پر دباؤ ڈالنے کے لیے خیبرپختونخوا حکومت 3 ماہ کے لیے بجٹ پیش کرنے جا رہی ہے، لیکن ترجمان پی ٹی آئی شوکت یوسف زئی اور وزیر خزانہ مزمل اسلم دونوں نے اس کی تردید کردی۔ ان کے مطابق بجٹ تیار ہے اور یہ پورے سال کا بجٹ ہے۔

پی ٹی آئی کے ایک رکن اسمبلی، جو اسلام آباد اجلاس میں موجود تھے، نے بتایا کہ اجلاس میں بجٹ پر بات ہوئی تو کچھ اراکین نے نگران حکومت کی طرز پر 3 ماہ کا بجٹ لانے کا مشورہ دیا۔

انہوں نے بتایا کہ اراکین کا مؤقف تھا کہ ایسا کرنے سے وفاق پر دباؤ بڑھے گا۔

تاہم اس تجویز کی مخالفت کی گئی اور بتایا گیا کہ آئینی طور پر اس کی گنجائش نہیں ہے اور اس نوعیت کے اخراجات صرف نگران حکومت ہی منظور کر سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں قانونی ماہرین اور اراکین پر مشتمل ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی تھی، جس کی سفارشات کی روشنی میں بجٹ کے حوالے سے مزید فیصلہ کرنے کا کہا گیا۔

خیبر پختونخوا حکومت بجٹ کب پیش کرے گی؟

محکمہ خزانہ کے حکام کے مطابق حکومت کے پاس بجٹ کے لیے وقت کم رہ گیا ہے اور اسے یکم جولائی سے پہلے ہر صورت منظور کرانا ضروری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بجٹ تیار ہے، اس کی کاپیاں بھی پرنٹ ہو چکی ہیں، بس وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب سے اجازت کا انتظار ہے۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ خزانہ کی جانب سے بجٹ اجلاس کی سمری وزیراعلیٰ ہاؤس کو ارسال کی گئی تھی، جس میں 15 جون کو بجٹ اجلاس بلانے کی تجویز دی گئی تھی، لیکن اس پر مکمل خاموشی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اب محکمہ دوبارہ ایک اور سمری ارسال کرےگا، تاہم تاریخ کے حوالے سے ابھی کچھ نہیں بتایا گیا۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی احتجاج کے لیے تیار، مگر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی ماضی کے تجربات سے محتاط رہنے کے حامی

پی ٹی آئی کے ایک صوبائی وزیر نے بتایا کہ قوی امکان ہے کہ 17 جون کے اجلاس میں بجٹ پیش کر دیا جائے گا، تاہم انہوں نے وضاحت کی کہ ابھی تک بجٹ اجلاس کے حوالے سے سمری کی منظوری نہیں ہوئی۔

تاہم انہوں نے کہاکہ وقت کی کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے امکان یہی ہے کہ 17 جون کو بجٹ اجلاس ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

ایران امریکا معاہدے کے باوجود عالمی معیشت کو چیلنجز درپیش، آئی ایم ایف کا انتباہ

غلافِ کعبہ تبدیل، نئے غلاف میں کیا خاص ہے؟

کیا ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی کی شادی کی تاریخ طے ہو گئی؟ نیویارک میئر ظہران ممدانی کا بیان زیرِ بحث

فیفا ورلڈ کپ: یوراگوئے، ایران اور بیلجیئم کو افتتاحی میچوں میں ڈراز کا سامنا

افغانستان میں دہشتگرد تنظیموں کی موجودگی عالمی امن کے لیے خطرہ، یورپی یونین کی پاکستان کے حقِ دفاع کی حمایت

ویڈیو

امریکا اور ایران کے درمیان معاملات طے، بلوچستان کے کاروبار پر اس کے کیا اثرات ہوں گے؟

پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات، نقصان عوام کا کیسے؟

ایران امریکا فریم ورک معاہدہ کیا ہے اور آئندہ ہونے والے تکنیکی مذاکرات میں کیا طے ہو گا؟

کالم / تجزیہ

تاریخ کا رخ موڑنے والا ایک نیا اور سرخرو پاکستان

پنجاب کا حق، ایتھے رکھ

سرحدوں سے ماورا یاری: سید بابر علی اور ہرچرن سنگھ