پنجابی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار و گلوکار گپی گریوال نے اپنی جدوجہد کے ابتدائی دور کے بارے میں حیران کن انکشافات کیے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پہلی بڑی کامیابی ملنے کے باوجود وہ کینیڈا میں مالی حالات بہتر نہ ہونے کے باعث مختلف معمولی نوکریاں کرتے رہے جن میں سیکیورٹی گارڈ، صفائی اور اخبار تقسیم کرنے کے کام شامل تھے۔
ایک انٹرویو میں گپی گریوال نے بتایا کہ وہ ایک عام کسان گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں اور اپنے ابتدائی میوزک البمز کی ریکارڈنگ کے لیے انہیں قرض لینا پڑا تاہم ان کے پہلے دو البمز کامیاب نہ ہو سکے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی انہیں کیسے ٹرول کر سکتے ہیں، ناصر چنیوٹی دلجیت دوسانجھ کے حق میں بول پڑے
انہوں نے بتایا کہ تیسرا البم ان کے لیے تبدیلی کا باعث بنا جس کا گانا ’پھلکاری‘ بے حد مقبول ہوا اور شادی بیاہ کی تقریبات سمیت مختلف مقامات پر چلایا جانے لگا لیکن اس مقبولیت کے باوجود اس وقت انہیں خاطر خواہ مالی فائدہ حاصل نہیں ہو سکا اور زیادہ تر لوگوں کو یہ معلوم نہیں تھا کہ یہ ان کا گانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’میں اس وقت سیکیورٹی گارڈ تھا۔ میرا گانا ہٹ ہونے کے باوجود مجھے گھر چلانے کے لیے کام کرنا پڑتا تھا۔ جب تک میری آمدنی بہتر نہیں ہوئی، مجھے بل ادا کرنے کے لیے نوکری کرنی پڑی‘۔
یہ بھی پڑھیں: ’جتنے مرضی پرچم لہرا لیں‘، دلجیت دوسانجھ کا کنسرٹ میں خالصتان کے جھنڈے لہرانے پر ردعمل
گپی نے بتایا کہ ان کی اہلیہ اس وقت دو نوکریاں کرتی تھیں، صبح 6 بجے سب وے (Subway) میں کام شروع کرتیں اور بعد میں سیکیورٹی کی ڈیوٹی بھی کرتی تھیں، اسی جگہ سے گپی کی بھی نوکری شروع ہوئی۔
ان کے سیکیورٹی گارڈ کے فرائض میں رات بھر ایک بند فیکٹری کے باہر بیٹھنا، ہر دو گھنٹے بعد چکر لگانا اور رپورٹ دینا شامل تھا۔ انہوں نے کہا کہ ’مجھے ہر دو گھنٹے بعد کال کر کے کہنا ہوتا تھا کہ سب کچھ محفوظ ہے۔ یہ لائن یاد کرنے میں مجھے دو دن لگے کیونکہ میری انگریزی بھی کمزور تھی‘۔
یہ بھی پڑھیں: ’مجھے بھی بالی ووڈ کی ضرورت نہیں‘، دلجیت دوسانجھ نے تنقید پر واضح اعلان کردیا
اس کے علاوہ وہ صبح 4 بجے تک کام کرتے پھر اپنی اہلیہ کو لینے جاتے اور دونوں مل کر دو گھنٹے تک اخبار بھی تقسیم کرتے۔ دونوں نے ایک مال میں صفائی کی نوکری بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ ’میں نے سب کچھ کیا، یہاں تک کہ ٹوائلٹس بھی صاف کیے‘۔
گپی نے کہا کہ باہر سے یہ سب بہت مشکل لگ سکتا ہے لیکن ان کے لیے یہ صرف زندگی گزارنے کا ایک ذریعہ تھا۔ انہوں نے بتایا کہ بعض کاموں میں وہ 8 ڈالر کماتے تھے جبکہ مال کی صفائی میں تقریباً 13 ڈالر ملتے تھے۔ اخبار تقسیم کرنے کے دوران وہ اور ان کی اہلیہ ساتھ وقت بھی گزارتے تھے۔
گپی گریوال اس وقت پنجابی انڈسٹری کے کامیاب ترین فنکاروں میں شمار کیے جاتے ہیں اور ان کے تین بیٹے ہیں۔













