حکومت پاکستان نے عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باعث فیول سبسڈی پروگرام ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے فیول سبسڈی سے متعلق قومی اسٹیئرنگ کمیٹی کے ساتویں اجلاس کی صدارت کی، جس میں موٹر سائیکل سواروں، چھوٹے کسانوں، پبلک ٹرانسپورٹ اور مال بردار ٹرانسپورٹ کے لیے دی جانے والی فیول سبسڈی کے نفاذ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
Deputy Prime Minister & Foreign Minister Senator Mohammad Ishaq Dar @MIshaqDar50 chaired the 7th meeting of the National Steering Committee on Fuel Subsidy.
The Committee reviewed the rollout of fuel subsidy for motorcyclists, small farmers, public transport & goods transport in… pic.twitter.com/I4X55tPKNV
— Ishaq Dar (@MIshaqDar50) June 22, 2026
اجلاس میں ملک کے تمام صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں موٹر سائیکل سواروں، چھوٹے کسانوں، پبلک ٹرانسپورٹ اور گڈز ٹرانسپورٹ کے لیے فیول سبسڈی پروگرام پر عملدرآمد کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
عالمی قیمتوں میں کمی کے باعث سبسڈی ختم کرنے پر اتفاق
قومی اسٹیئرنگ کمیٹی نے نوٹ کیا کہ عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، جس کا فائدہ پہلے ہی صارفین کو منتقل کیا جا چکا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر کمیٹی نے وزیراعظم کی منظوری سے فیول سبسڈی پروگرام ختم کرنے پر اتفاق کیا۔
مستقبل کے منصوبوں کے لیے سفارشات
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے بین الصوبائی تعاون کے تسلسل کے ساتھ کمیٹی کی کارکردگی کو سراہا اور ہدایت کی کہ اس پروگرام سے حاصل ہونے والے تجربات کو باقاعدہ دستاویزی شکل دی جائے۔
انہوں نے کہاکہ اعداد و شمار اور ترسیل کے نظام میں موجود خامیوں کو دور کیا جائے تاکہ مستقبل میں عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید مؤثر اور بہتر بنایا جا سکے۔
اجلاس میں اعلیٰ حکام کی شرکت
اجلاس میں وزیراعظم کے معاونِ خصوصی طارق باجوہ، سیکریٹری پیٹرولیم، سیکریٹری آئی ٹی، اسٹیٹ بینک کے گورنر، تمام صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے سینیئر نمائندوں نے شرکت کی۔














