26نومبر احتجاج : ڈی آئی جی آپریشنز جواد طارق کیخلاف عدالتی حکم عدولی سے متعلق اہم پیشرفت

منگل 23 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انسدادِ دہشتگردی عدالت اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے 26 نومبر احتجاج کیس کے دوران ڈی آئی جی آپریشنز جواد طارق کے خلاف عدالتی حکم عدولی سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آگئی ہے، جس پر عدالت نے تفصیلی تحریری آرڈر جاری کر دیا ہے۔

انسدادِ دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی جانب سے جاری کیے گئے تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ بادی النظر میں ڈی آئی جی آپریشنز عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں، اور ان کے خلاف کارروائی کے لیے ریکارڈ میں کافی مواد موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رینجرز اہلکاروں پر حملے کی فوٹیج سامنے آگئی، شرپسندوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی کا فیصلہ

عدالت نے واضح کیا کہ تفتیشی افسر کو بار بار مکمل چالان جمع کرانے کی ہدایت دی گئی تھی، تاہم اس پر عملدرآمد نہیں کیا گیا جس کے باعث کیس کا ٹرائل شروع نہیں ہو سکا۔

تحریری حکم کے مطابق عبوری چالان میں ملزمان کی قانونی حیثیت واضح نہ ہونے کی وجہ سے کارروائی آگے نہیں بڑھ سکی۔ عدالت نے قرار دیا کہ ڈی آئی جی آپریشنز کو قانونی طور پر چالان جمع کرانے کا پابند کیا گیا تھا لیکن وہ اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہے۔

عدالت نے بتایا کہ گزشتہ سماعت پر ڈی آئی جی آپریشنز کو دفعہ 37 اے ٹی اے کے تحت نوٹس جاری کر کے وضاحت طلب کی گئی تھی کہ کیوں نہ انہیں توہینِ عدالت کا مرتکب قرار دے کر سزا سنائی جائے، تاہم اس کے باوجود نہ وہ عدالت میں پیش ہوئے اور نہ ہی کوئی تحریری جواب جمع کرایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: 26 نومبر احتجاج کیس: بشریٰ بی بی کو گرفتار نہ کرنے کا حکم، علیمہ خان کے وارنٹ جاری

تحریری حکم میں مزید کہا گیا ہے کہ عدالت نے ڈی آئی جی آپریشنز کو حتمی نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ وہ اگلی سماعت تک اپنا تحریری جواب جمع کرائیں اور وضاحت پیش کریں۔ عدالتی حکم کے مطابق کیس میں ملوث افراد سہیل آفریدی، جنید اکبر اور عبدالغنی کی گرفتاری مطلوب ہونے کے باعث ان کے نام کالم نمبر 2 میں رکھ کر عبوری چالان جمع کرایا گیا تھا۔

حکم نامے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ تفتیشی افسر کو تبدیل کر دیا گیا ہے اور نئے تفتیشی افسر نے عدالت کو یقین دہانی کرائی ہے کہ عدالتی احکامات پر مکمل عمل کیا جائے گا اور تفصیلی چالان جلد جمع کرایا جائے گا۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 6 جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ پیش رفت پر رپورٹ طلب کرلی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp