وینزویلا زلزلہ: ہلاکتیں 235 تک پہنچ گئیں، 4 ہزار 300 سے زائد زخمی

جمعہ 26 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 

 

وینزویلا میں آنے والے طاقتور زلزلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، حکام کے مطابق اب تک 235 افراد کی ہلاکت اور 4 ہزار 300 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ کئی افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:وینزویلا کے زلزلے سے پہلے اینڈرائیڈ فونز نے صارفین کو خبردار کیا، یہ نظام کیسے کام کرتا ہے؟

عرب نیوز کے مطابق وینزویلا کے شمالی علاقوں میں آنے والے 2 شدید زلزلوں کے بعد امدادی ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ کئی افراد تاحال لاپتا ہیں۔

وینزویلا کے وزیر صحت کارلوس الوارادو نے سرکاری میڈیا کو بتایا کہ تقریباً 235 افراد طبی مراکز تک پہنچنے سے پہلے یا پہنچنے کے بعد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ 4 ہزار 300 سے زیادہ زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق 7.2 اور 7.5 شدت کے زلزلے بدھ کی شام آئے، جنہیں وینزویلا میں ایک صدی سے زائد عرصے کے دوران آنے والے طاقتور ترین زلزلوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔ زلزلوں کے جھٹکے خطے کے دیگر علاقوں تک بھی محسوس کیے گئے۔

دارالحکومت کراکس سمیت کئی شہروں میں خوف زدہ شہری گھروں سے باہر نکل آئے، جبکہ متعدد عمارتیں خالی کرا لی گئیں۔ متاثرہ علاقوں میں لوگ اپنے پیاروں کو تلاش کرتے رہے اور کئی مقامات پر شہری اپنی مدد آپ کے تحت ملبہ ہٹانے میں مصروف نظر آئے۔

سب سے زیادہ نقصان ساحلی علاقے لا گوائیرا میں رپورٹ کیا گیا، جہاں متعدد عمارتیں منہدم ہوئیں۔ ملک کا مرکزی ہوائی اڈہ بھی نقصان کے باعث بند کر دیا گیا، جس سے امدادی سرگرمیوں میں مشکلات پیدا ہوئیں۔

متاثرہ علاقوں سے سامنے آنے والی تصاویر میں امدادی کارکنوں کو بچوں سمیت زخمی افراد کو ملبے سے نکالتے دیکھا گیا۔ بعض مقامات پر شہری بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لیتے رہے۔

وینزویلا کی عبوری صدر ڈیلسی روڈریگز نے لا گوائیرا کو آفت زدہ علاقہ قرار دیتے ہوئے امدادی کارروائیوں کے لیے بھاری مشینری فراہم کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت زیادہ سے زیادہ زندہ افراد کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔

زلزلے کے بعد امریکا، میکسیکو، قطر، برازیل، اسپین، پرتگال اور کینیڈا سمیت متعدد ممالک نے امداد اور امدادی ٹیمیں بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ مختلف ممالک کی جانب سے طبی سامان، سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں، ڈرونز اور دیگر ضروری اشیا فراہم کی جا رہی ہیں۔

ماہرین کے مطابق زلزلوں کی شدت کے ساتھ ان کی کم گہرائی نے تباہی میں اضافہ کیا، جس کے باعث عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا اور بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp