بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے دشت میں راستہ بھٹکنے والے ایک خاندان کی گاڑی پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں کراچی کا رہائشی ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
مقتول ڈرائیور کی اہلیہ شدید زخمی ہوگئی، تاہم گاڑی میں موجود ان کی 2 کمسن بچیاں محفوظ رہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: سی ٹی ڈی کی مستونگ میں کارروائی، 5 دہشتگرد ہلاک
پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ روز اس وقت پیش آیا جب متاثرہ خاندان کوئٹہ سے کراچی واپس جا رہا تھا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق خاندان مبینہ طور پر موبائل میپ کی غلط رہنمائی کے باعث دشت کے علاقے کھنڈ پہنچ گیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی۔
کوئٹہ کے علاقے دشت میں راستہ بھٹکنے والی کراچی کی فیملی کی گاڑی پر فائرنگ، نوجوان جاں بحق، خاتون اور بچی زخمی، کنڈ کے مقام پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی
متوفی کی شناخت علی جمیل گاڑی میں سوار دو بچے معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ pic.twitter.com/kCoj5Xu1Sa— Shahid Khan (@64c250dd30ad402) June 27, 2026
فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں سوار علی مرتضیٰ موقع پر جاں بحق ہوگیا، جبکہ اس کی اہلیہ شدید زخمی ہوگئیں۔
زخمی خاتون عائشہ جاوید اور علی مرتضیٰ کی لاش کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے وقت گاڑی میں موجود مقتول کی 2 کمسن بچیاں محفوظ رہیں اور انہیں کوئی جسمانی نقصان نہیں پہنچا۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے علی مرتضیٰ کا تعلق کراچی کے علاقے ناظم آباد سے تھا اور وہ موبائل فونز کے کاروبار سے وابستہ تھے۔
مزید پڑھیں: مستونگ: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، فتنہ الہند کے 4 دہشتگرد ہلاک
بتایا جاتا ہے کہ وہ اپنی اہلیہ اور 2 بیٹیوں کے ہمراہ سیاحت کی غرض سے کوئٹہ آئے تھے اور واپسی پر یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔














