ٹیلی نار پاکستان باضابطہ طور پر یوفون میں ضم ہوگیا

بدھ 1 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کی ٹیلی کمیونی کیشن صنعت کے ایک اہم ترین انضمامی معاہدے کی تکمیل ہو گئی ہے اور تمام قانونی و ریگولیٹری منظوریوں کے بعد ٹیلی نار پاکستان کو یکم جولائی 2026 سے باضابطہ طور پر پاک ٹیلی کام موبائل لمیٹڈ (پی ٹی ایم ایل) یا یوفون 5 جی میں ضم کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی اے کی مشروط منظوری، ٹیلی نار پاکستان یو فون میں ضم

یہ انضمام اسلام آباد ہائیکورٹ سے آخری قانونی منظوری ملنے کے بعد عمل میں آیا جبکہ اس پورے عمل میں مختلف ریگولیٹری اور قانونی اداروں نے مرحلہ وار کردار ادا کیا۔ انضمام کی تکمیل کے ساتھ ہی ٹیلی نار پاکستان ایک علیحدہ قانونی ادارے کے طور پر پاکستان میں اپنی حیثیت ختم کر چکا ہے۔

اس پیشرفت کے نتیجے میں ٹیلی نار پاکستان کے آپریشنز، نیٹ ورک انفراسٹرکچر اور صارفین مکمل طور پر پی ٹی ایم ایل (یوفون 5جی) کا حصہ بن جائیں گے۔

اس انضمام سے ایک ایسا مشترکہ ادارہ وجود میں آئے گا جس کی رسائی مزید وسیع، اسپیکٹرم پورٹ فولیو زیادہ مضبوط اور ملک بھر میں جدید کنیکٹیویٹی اور ڈیجیٹل خدمات میں سرمایہ کاری کی صلاحیت مزید بہتر ہوگی۔

اس موقعے پر اظہار خیال کرتے ہوئے پی ٹی سی ایل کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر حاتم بامطرف نے کہا کہ یہ ہماری کمپنی اور پاکستان کی ٹیلی کام انڈسٹری کے لیے ایک فیصلہ کن لمحہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم حکومت پاکستان اور اس عمل میں شامل تمام اداروں کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس عمل میں بھرپور تعاون اور معاونت فراہم کی۔

مزید پڑھیے: یوفون، اونک اور ٹیلی نار 5 جی سروسز فراہمی کے لیے تیار، اسپیکٹرم حاصل کرلیا

حاتم بامطرف نے کہا کہ میں اپنے صارفین کا بھی دلی شکریہ ادا کرتا ہوں جن کے اعتماد نے یوفون اور ٹیلی نار پاکستان کو اس اہم تبدیلی کے مرحلے سے کامیابی سے گزرنے میں مدد دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسی طرح میں اپنی ٹیم کا بھی شکر گزار ہوں جن کی محنت، لگن اور عزم نے اس سنگِ میل کو ممکن بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ اب جبکہ ہم ایک متحدہ کمپنی کی حیثیت سے آگے بڑھ رہے ہیں ہمارا عزم ہے کہ صارفین کو ایسی جدید ترین مصنوعات اور خدمات فراہم کریں جو پاکستان میں ڈیجیٹل تجربے کے حوالے سے ایک نیا معیار قائم کر سکیں۔؎

دونوں اداروں کے انضمام کے بعد قائم ہونے والا نیا ادارہ، پی ٹی سی ایل کی مکمل ملکیت میں مگر خودمختار حیثیت کے ساتھ، پی ٹی ایم ایل کے نام سے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے گا۔ یہ ادارہ ملک بھر میں 5G کوریج کے دائرہ کار کو وسعت دینے، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو مزید مضبوط بنانے اور لاکھوں صارفین کو بہتر خدمات کی فراہمی کے اپنے عزم کو جاری رکھے گا۔

مزید پڑھیں: نئے آسمانوں میں نئی اُڑان: پی ٹی سی ایل نے باضابطہ ٹیلی نار پاکستان کا انتظام سنبھال لیا

یوفون 5G نے انضمامی عمل کے دوران یوفون 5G اور ٹیلی نار پاکستان دونوں کے صارفین کو خدمات کے تسلسل کی یقین دہانی بھی کرائی ہے جبکہ مستقبل میں انہیں مزید بہتر کنیکٹیویٹی اور اعلیٰ معیار کے ڈیجیٹل تجربات فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp