قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے نام پر جعلسازی کرنیوالا ملزم گھوٹکی سے گرفتار

ہفتہ 4 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا جعلی افسر بن کر مراعات اور پروٹوکول لینے والے گھوٹکی کے رہائشی عبد الواجد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق سندھ کے ضلع گھوٹکی کا رہائشی عبدالواجد خود کو قومی اسمبلی کا گریڈ 17 کا ملازم ظاہر کرتا رہا اور اس مقصد کے لیے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے نام سے جاری کیا گیا جعلی تقرری نامہ استعمال کرتا رہا، جس پر اسپیکر قومی اسمبلی کے جعلی دستخط بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ میں جعلی میٹرک سرٹیفکیٹ اسکینڈل پر تحقیقاتی کمیٹی قائم

بیان کے مطابق ملزم نے خود کو قومی اسمبلی کا افسر ظاہر کر کے سرکاری حکام اور پولیس کو گمراہ کیا، مبینہ طور پر غیر قانونی مراعات اور پروٹوکول حاصل کیا۔

جبکہ مختلف طریقوں سے شہریوں کو ہراساں اور دباؤ کا نشانہ بھی بنایا، جس سے عوام میں تشویش پائی گئی۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے واضح کیا ہے کہ عبدالواجد کا قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سے کسی بھی نوعیت کا کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی قومی اسمبلی میں اس کی تقرری یا ملازمت کا کوئی ریکارڈ موجود ہے۔

اس کے زیر استعمال تقرری نامہ مکمل طور پر جعلی ہے اور اس کی کوئی قانونی یا سرکاری حیثیت نہیں۔

مزید پڑھیں: جعلی فٹبال ٹیم جاپان پہنچا دینے کا معاملہ، ڈی پورٹ ہونے والے 22 ’کھلاڑی‘ گرفتار

اسپیکر قومی اسمبلی کی ہدایت پر قائم مقام سیکریٹری قومی اسمبلی نے ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل اور سندھ پولیس کے انسپکٹر جنرل کو باضابطہ خطوط ارسال کیے۔

جن میں عبدالواجد کے خلاف قانونی کارروائی، جعلی تقرری نامے کے ماخذ کا سراغ لگانے، اس جعلسازی میں ملوث دیگر افراد کی نشاندہی کرنے اور متعلقہ قوانین کے تحت سخت کارروائی کرنے کی درخواست کی گئی۔

مزید پڑھیں: سماجی کارکن صارم برنی کی درخواستِ ضمانت بعد از گرفتاری پر فیصلہ محفوظ

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی شکایت پر ایف آئی اے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ حکام کے مطابق ملزم کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔

جبکہ جعلی تقرری نامے کی تیاری اور اس میں ملوث دیگر افراد کا سراغ لگانے کے لیے تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp