نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف حصوں میں کل 6 جولائی سے 10 جولائی تک موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق شمالی پاکستان میں ایک فعال موسمی سسٹم داخل ہو رہا ہے، جس کے باعث ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا قوی امکان ہے۔
بارشوں کی پیشگوئی اور متاثرہ علاقے
این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ موسمی صورتحال کے جائزے کے مطابق، 7 سے 10 جولائی کے دوران کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں:عالمی موسمیاتی ادارے کی وارننگ، گرمی کی نئی لہر اور غیر معمولی بارشیں متوقع
اس کے علاوہ پوٹھوہار ریجن اور شمال مشرقی پنجاب کے علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق دریائے سندھ، جہلم، چناب، راوی اور ستلج کے بالائی ملحقہ علاقوں میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔
لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی سیلاب کا خطرہ
ترجمان این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ پہاڑی ندی نالوں اور چھوٹے برساتی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اچانک اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے حساس بالائی علاقوں میں مقامی سیلاب کا خطرہ ہے۔ شہری علاقوں میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہونے اور نشیبی علاقے زیرِ آب آنے کا خدشہ ہے۔
دریاؤں اور ڈیموں کی صورتحال
این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے باعث دریائے سندھ، جہلم، چناب، راوی اور ستلج میں پانی کے بہاؤ میں معمولی اضافہ متوقع ہے۔
مزید پڑھیں:بلوچستان میں مسلسل بارشیں، 7 افراد جاں بحق، مکانات اور فصلوں کو نقصان، ریسکیو آپریشن جاری
تاہم موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر بڑے پیمانے پر دریائی سیلاب کا فی الحال کوئی خطرہ نہیں ہے۔ بارشوں کے نتیجے میں تربیلا اور منگلا ڈیم میں پانی کی آمد میں بھی معمولی اضافے کی توقع کی جا رہی ہے۔
انتظامیہ اور عوام کو ہدایات
این ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
عوام سے بھی گزارش کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور برساتی نالوں کے قریب جانے سے احتیاط برتیں۔














