بھارت کی شورش زدہ شمال مشرقی ریاست منی پور میں عسکریت پسندوں کے حملے میں نیم فوجی دستے کے 2 اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔
بھارتی حکام کے مطابق حملہ ضلع اکھرول میں آسام رائفلز کے اہلکاروں پر گھات لگا کر کیا گیا۔ ریاست کے وزیراعلیٰ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حملہ آوروں کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: منی پور میں کشیدگی برقرار، سیکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی
منی پور میں 2023 سے اکثریتی میتیئی اور اقلیتی کوکی برادریوں کے درمیان شروع ہونے والا نسلی تنازع اب دیگر گروہوں تک بھی پھیل چکا ہے۔ اس تشدد میں اب تک 250 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2023 میں تشدد کے آغاز پر تقریباً 60 ہزار افراد اپنے گھروں سے بے دخل ہوئے تھے، جبکہ ہزاروں افراد اب بھی بدامنی کے باعث واپس نہیں جاسکے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی ریاست منی پور میں ہندو اور عیسائی برادریوں میں مسلح تصادم، 3 افراد ہلاک
بھارتی حکومت نے گزشتہ ماہ منی پور میں تشدد، لوٹ مار اور دیگر جرائم میں مبینہ ملوث 10 افراد کو گرفتار کیا تھا اور حکام کا کہنا ہے کہ ریاست میں امن و امان کی بحالی کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔














