وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے مظفرآباد میں ’پاکستان ہمیشہ زندہ باد‘ ریلی کی قیادت کی، جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ ریلی کوہالہ سے شروع ہوئی اور راڑہ مظفرآباد پہنچ کر ایک بڑے عوامی اجتماع میں تبدیل ہوگئی۔
ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ ’پاکستان ہمیشہ زندہ باد ‘ محض ایک نعرہ نہیں بلکہ قومی یکجہتی، امن، استحکام اور ترقی کے سفر کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار ہے۔
انہوں نے آزاد کشمیر کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام نے ہر مشکل وقت میں پاکستان سے اپنی محبت، وفاداری اور یکجہتی کا عملی ثبوت دیا ہے، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔
وفاقی وزیر نے پاک فوج اور تمام قومی سلامتی کے اداروں کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے دفاع اور سلامتی کے لیے ان کی قربانیاں قابلِ تحسین ہیں۔
انجینئر امیر مقام نے واضح کیا کہ آزاد کشمیر میں آٹے اور بجلی پر دی جانے والی سبسڈی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کے ذمہ داران مذاکرات کے لیے آئے تھے اور ان کی جانب سے پاکستان کے ساتھ وفاداری کی شق ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ آج کوہالہ سے مظفرآباد تک پاکستان اور افواج پاکستان سے محبت کا لازوال جذبہ دیکھنے کو ملا۔ کشمیری عوام کے جذبہ حب الوطنی پر فخر ہے اور بھارت کبھی بھی کشمیریوں کے اس جذبے کو شکست نہیں دے سکتا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ خود بھی بھارت کے ساتھ جنگ کے دوران لائن آف کنٹرول کے نیلم سیکٹر میں کشمیری عوام کے ساتھ موجود رہے، جبکہ کشمیر کی آزادی کی تحریک میں ان کے آباؤ اجداد نے بھی کردار ادا کیا۔
انہوں نے برہان وانی شہید کی برسی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس موقع پر مظفرآباد میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راولاکوٹ کے سپاہی مقبول کی زبان کاٹ دی گئی لیکن انہوں نے پاکستان کے خلاف نعرہ نہیں لگایا اور اپنے خون سے ’پاکستان زندہ باد‘ لکھ دیا۔ ایسے عظیم جذبوں کو کبھی شکست نہیں دی جاسکتی۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے تیسری عالمی جنگ کا خطرہ ٹالنے میں کردار ادا کیا، جو ایک بڑی کامیابی ہے۔
انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی صلاحیتوں، تعلیم، محنت اور مثبت کردار کے ذریعے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نفرت کے بجائے محبت، اور تقسیم کے بجائے اتحاد کا پیغام عام کریں۔
ریلی میں رکن قومی اسمبلی محسن شاہنواز رانجھا، سینیٹر سعود چوہدری، آزاد کشمیر اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شاہ غلام قادر، ارکان اسمبلی احمد نواز، عاصم شیر، سابق ڈپٹی اسپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی، کیپٹن (ر) صفدر، سابق وزیر نورین عارف، ثاقب سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔













