وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ’عالمی یومِ امید‘ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ امید انسان کو مشکلات سے لڑنے اور آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کی زندگی میں مثبت تبدیلی لانے اور ان کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ’عالمی یومِ امید‘ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ اگر انسان ہمت اور حوصلے سے کام لے تو امید کی روشنی یقین کے چمکتے سورج میں بدل جاتی ہے۔ ان کے بقول امید ایک ایسا جذبہ ہے جو انسان کو ہر مشکل کے باوجود آگے بڑھنے کی طاقت دیتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعلیٰ مریم نواز نے سیلاب اور مون سون سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاریوں کی ہدایت کردی
انہوں نے کہا کہ یہ دن اس بات کی یاد دہانی کراتا ہے کہ زندگی میں مشکلات اور چیلنجز کتنے ہی بڑے کیوں نہ ہوں، امید کا دامن کبھی نہیں چھوڑنا چاہیے۔ امید ہی انسان کو مایوسی کے اندھیروں میں بھی روشنی کی کرن تلاش کرنے کا حوصلہ دیتی ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) عوام کی امیدوں کا مرکز بن چکی ہے اور حکومت پاکستانی عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے دن رات محنت کر رہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ پنجاب کے عوام کو معیاری اور بہتر صحت کی سہولتیں میسر آئیں گی، جبکہ ہر بے گھر شہری کے اپنے گھر کا خواب بھی حقیقت بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کی خوشحالی کے لیے بھی عملی اقدامات کر رہی ہے اور امید ہے کہ پنجاب کا ہر کسان لہلہاتی فصلیں دیکھ کر خوش اور خوشحال ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:سرگودھا میں لاہور کی طرز پر شاندار ترقیاتی کام، شہری وزیراعلیٰ مریم نواز کی خدمات کے معترف
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو یقین تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہی لیپ ٹاپ، اسکالرشپ، مفت ادویات اور عوامی فلاح کے دیگر منصوبے دوبارہ شروع کرے گی، اور موجودہ حکومت عوامی خدمت کے اس سفر کو پوری ذمہ داری کے ساتھ آگے بڑھا رہی ہے۔














