وزیراعظم شہباز شریف اور نواز شریف کی امیر قطر سے ملاقات، شیخ حمد بن خلیفہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار

پیر 13 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف ایک روزہ دورہ قطر پر دوحہ پہنچے اور ریاستِ قطر کے امیر کے والد شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے ریاستِ قطر کی قیادت اور عوام سے بالمشافہ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

دوحہ میں وزیراعظم کی قیادت میں پاکستانی وفد نے ریاستِ قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کی اور ان کے والد کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے مرحوم کی دوراندیش قیادت، مدبرانہ بصیرت اور قطر کی غیرمعمولی ترقی کے ساتھ ساتھ خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے فروغ کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان کے لیے مرحوم کی گرمجوشی، شفقت اور دیرینہ محبت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے پاکستان کے متعدد یادگار دوروں کو بھی قدر و منزلت سے یاد کیا۔

وزیراعظم نے اس گہرے صدمے کی گھڑی میں قطر کی قیادت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی غیرمتزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور قطری شاہی خاندان اور قطر کی برادر عوامِ کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ صبر و حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

امیرِ قطر نے وزیراعظم شہباز شریف، سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف، نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار اور پاکستانی وفد کا ذاتی طور پر دوحہ آ کر تعزیت کرنے پر شکریہ ادا کیا اور اس جذبے کو دونوں برادر ممالک اور عوام کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کا مظہر قرار دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp