گلگت بلتستان کے سیکریٹری جنگلات، جنگلی حیات و ماحولیات سبطین احمد کا کہنا ہے کہ صوبے میں جنگلات کا تحفظ، غیر قانونی کٹائی کی روک تھام اور ماحولیاتی تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کا خطرہ، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری
اسلام آباد میں سینیٹ آف پاکستان کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جدید نگرانی، سخت قوانین اور مقامی آبادی کی شراکت داری کے ذریعے جنگلات کے تحفظ اور قدرتی وسائل کے پائیدار استعمال کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
اجلاس میں گلگت بلتستان میں جنگلات، ماحولیاتی تبدیلیوں اور جنگلی حیات کے تحفظ سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس دوران سیکریٹری جنگلات، جنگلی حیات و ماحولیات گلگت بلتستان سبطین احمد نے کمیٹی کو صوبے میں جنگلات کے مجموعی رقبے، شجرکاری مہمات اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے جاری مختلف منصوبوں سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کا منفرد جغرافیہ اور اس کے جنگلات نہ صرف علاقے کے قدرتی حسن بلکہ ماحولیاتی توازن کے لیے بھی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اسی لیے سبز رقبے میں اضافے کے لیے بڑے پیمانے پر شجرکاری مہمات جاری ہیں۔
مزید پڑھیے: گلگت بلتستان میں پہلے خلائی مرکز کا قیام
انہوں نے کمیٹی کو بتایا کہ جنگلات کی غیر قانونی کٹائی اور لکڑی کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اگرچہ محکمہ کو اس حوالے سے مختلف چیلنجز کا سامنا ہے تاہم جدید مانیٹرنگ سسٹم اور قوانین پر مؤثر عملدرآمد کے ذریعے غیر قانونی سرگرمیوں پر قابو پانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
سبطین احمد کا کہنا تھا کہ جنگلی حیات کا تحفظ اور مقامی کمیونٹیز کی شراکت داری گلگت بلتستان کے قدرتی حسن اور ماحول کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے اور محکمہ اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گلگت بلتستان ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے شدید متاثر ہونے والے علاقوں میں شامل ہے جس کے باعث جنگلات کے تحفظ اور ماحول دوست اقدامات کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔
ان کے مطابق حکومت مقامی آبادی کو بھی ان سرگرمیوں میں شریک کر رہی ہے تاکہ جنگلات کے فروغ اور تحفظ کے لیے پائیدار نتائج حاصل کیے جا سکیں۔
مزید پڑھیں: ماں مار کر بچے لے جانا اور دیگر عوامل ریچھوں کو پاکستان سے مٹا رہے ہیں
اجلاس کے اختتام پر سینیٹ کی ذیلی کمیٹی کے ارکان نے سیکریٹری جنگلات کی تفصیلی بریفنگ کو سراہتے ہوئے گلگت بلتستان کے جنگلات، جنگلی حیات اور قدرتی ماحول کے تحفظ کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔













