امریکا کے محکمہ خزانہ نے اعلان کیا ہے کہ ملک کی آزادی کے 250 سال مکمل ہونے کی یاد میں ایک ڈالر کا نیا سکہ جاری کیا جائے گا، جس کے سامنے والے حصے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر نقش ہوگی۔
وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کے مطابق سکے کے سامنے والے حصے پر ٹرمپ کی تصویر کے ساتھ ‘لبِرٹی’، ‘اِن گاڈ وی ٹرسٹ’ اور ‘1776-2026’ درج ہوگا، جبکہ پچھلے حصے پر صدارتی مہر میں موجود امریکی عقاب کی تصویر بنائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: 165 سالہ روایت ختم، امریکی نوٹوں پر پہلی بار موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دستخط شامل کرنے کا فیصلہ
اس سے قبل گزشتہ سال اکتوبر میں سامنے آنے والے ابتدائی ڈیزائن میں ٹرمپ کو مٹھی بلند کیے دکھایا گیا تھا، جس کے گرد ‘فائٹ، فائٹ، فائٹ’ کے الفاظ درج تھے۔ یہ ڈیزائن 2024 میں ٹرمپ پر ہونے والے قاتلانہ حملے کی جانب اشارہ تھا، تاہم بعد میں اسے تبدیل کر دیا گیا۔
TRUMP COIN! 🪙🇺🇸 pic.twitter.com/NbFuLekP1L
— The White House (@WhiteHouse) July 15, 2026
ٹرمپ نے اس اعزاز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس سکے پر اپنی تصویر شامل کیے جانے پر خود کو باعزت محسوس کرتے ہیں۔
محکمہ خزانہ کے اعلان اور بعض میڈیا رپورٹس میں اسے ‘گولڈ کوائن’ کہنے کے بعد کئی افراد نے سمجھا کہ یہ سکہ خالص سونے سے تیار کیا جا رہا ہے، تاہم حقیقت اس کے برعکس ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا نامی سونے کا کموڈ 12.1 ملین ڈالر میں نیلام
یہ سکہ خالص سونے کا نہیں ہوگا بلکہ اس پر صرف سونے جیسی چمک دی جائے گی۔ امریکی ٹکسال کے مطابق یہ عام طور پر تانبے کے مرکز اور مینگنیز پیتل کی بیرونی تہہ سے تیار کیا جاتا ہے، جس کی وجہ سے اس کا رنگ سونے جیسا دکھائی دیتا ہے۔
اسی لیے امریکی محکمہ خزانہ اور امریکی ٹکسال اسے ‘ایک ڈالر کا گولڈ کلرڈ کوائن’ قرار دیتے ہیں، نہ کہ خالص سونے کا سکہ۔














