کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند کا دورۂ پاکستان، اسحاق ڈار سے ملاقات میں ترجیحی شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق

پیر 20 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور کینیڈا کے وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کے بعد ترجیحی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے پاکستان کے دورے پر آئی کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے پیر کے روزدفتر خارجہ میں ملاقات کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی گفتگو کی۔

یہ بھی پڑھیں: کینیڈا کا امریکا ایران مفاہمت میں پاکستان کے کردار کا اعتراف

ملاقات میں دونوں ممالک نے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں فریقوں نے ترجیحی شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا، جبکہ مشترکہ اعلامیے پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کے لیے سالانہ وزارتی اجلاس منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اس سے قبل نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے دفتر خارجہ آمد پر کینیڈا کی وزیر خارجہ کا خیرمقدم کیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق انیتا آنند، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان کے دورے پر آئی ہیں۔

وزیر خارجہ کا منصب سنبھالنے کے بعد پاکستان کا یہ ان کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔ اپنے دورے کے دوران وہ پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے بھی ملاقات کریں گی۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوستانہ تعلقات قائم ہیں، جن کی بنیاد دونوں ممالک کے عوام کے درمیان مضبوط روابط اور کینیڈا میں مقیم متحرک پاکستانی کمیونٹی ہے۔

مزید پڑھیں: خدمات کا اعتراف، کینیڈا میں پارک ٹریل کو پاکستانی نژاد ہارون خان کے نام کردیا گیا

دوسری جانب کینیڈین حکومت نے بھی وزیر خارجہ انیتا آنند کے دورۂ پاکستان ہر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دورے سے ہند و بحرالکاہل خطے میں کینیڈا کی اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط ہوگی۔

کینیڈین حکومت کے بیان کے مطابق تقریباً 20 برس بعد کسی کینیڈین وزیر خارجہ کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے، جو دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ کینیڈا میں پاکستانی نژاد 3 لاکھ سے زائد افراد آباد ہیں، جبکہ پاکستان میں تقریباً 20 ہزار کینیڈین شہری مقیم ہیں، جو دونوں ممالک کے قریبی عوامی روابط کی عکاسی کرتے ہیں۔

کینیڈین حکومت کے مطابق 2025 کے دوران پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تجارتی حجم تقریباً 1.2 ارب ڈالر رہا۔

اس دوران پاکستان کو کینیڈا کی برآمدات 499.7 ملین ڈالر رہیں، جو 2024 کے مقابلے میں 65 فیصد زیادہ ہیں، جبکہ پاکستان سے درآمدات کا حجم 696 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ جون 2026 میں کینیڈا نے پاکستان کے ساتھ غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور تحفظ کے معاہدے سے متعلق مذاکرات کے دوسرے دور کی میزبانی بھی کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp